سعودی عرب سے تین ارب ڈالرز اس ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے: فواد چودھری
جمعرات 25 نومبر 2021 22:00
وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد سعودی عرب نے پاکستان کے لیے ایک معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا۔ (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے تین ارب ڈالرز مالیاتی پیکج کے حوالے سے تمام قانونی معاملات طے ہوگئے ہیں۔
جمعرات کی رات کو ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے اعلان کردی تین ارب ڈالر اس ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے۔
فواد چودھری نے ٹوئٹر پر لکھا ’تین اچھی خبریں 1) پٹرولیم ڈیلرز ایسوسیشن ایشن نے ہڑتال ختم کر دی 2) سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا 3) سعودی عرب سے تین ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے ہوگئے اور یہ ڈالر اس ہفتے پاکستان کو مل جائیں گے۔‘
خیال رہے گزشتہ مہینے وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد سعودی عرب نے پاکستان کے لیے ایک معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا۔
اعلان کے مطابق سعودی ترقیاتی فنڈ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں میں سپورٹ اور کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے گا۔
سعودی ترقیاتی فنڈ نے 26 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ ’شاہی ہدایت پر فنڈ سٹیٹ بینک آف پاکستان میں 3 ارب ڈالر جمع کرائے جائیں گے تاکہ غیر ملکی کرنسی کے محفوظ اثاثوں اور کورونا وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں پاکستانی حکومت درپیش مسائل کا سامنا کرسکے۔‘
سعودی ترقیاتی فنڈ کا کہنا تھا کہ ’شاہی ہدایت کے مطابق پاکستان کو تیل کے کاروبار کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر مالیت کا فنڈ بھی ایک سال کے دوران فراہم کیا جائے گا-‘
سعودی ترقیاتی فنڈ نے کہا تھا کہ ’یہ شاہی ہدایات برادر ملک پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں سعودی عرب کے موقف کا پختہ ثبوت ہے- مملکت ہمیشہ کی طرح اب بھی پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے اقدامات کررہی ہے‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت ماضی میں بھی پاکستان کو نہ صرف مالی مدد فراہم کرتی رہی ہے بلکہ تاخیر سے ادائیگی پر تیلی کی فراہمی بھی یقینی بناتی رہی ہے۔