منشیات اسمگل کرنے کی 7 کارروائیاں ناکام ، 12 ملزمان گرفتار
منشیات اسمگل کرنے کی 7 کارروائیاں ناکام ، 12 ملزمان گرفتار
جمعہ 26 نومبر 2021 14:32
اسمگل کی جانے والی لاکھوں نشہ آور گولیاں ضبط کی گئیں (فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی محکمہ زکوۃ ، ٹیکس و کسٹم نے بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی 7 کارروائیوں کو ناکام بناتے ہوئے لاکھوں کی تعداد میں نشہ آورگولیاں ضبط کرلیں ـ
سبق نیوز نے محکمہ کسٹم و زکوۃ اتھارٹی کے ٹوئٹر پر جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ محکمہ کے اہلکاروں نے بیرون ملک سے آنے والے ٹرالروں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی نشہ آور گولیاں ضبط کرلیں ـ
محکمہ کا مزید کہنا تھا کہ اسمگلنگ کی ایک کارروائی میں برآمد ہونے والی نشہ آور گولیوں کی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 441 تھی ـ بیرون ملک سے آنے والے ٹرالر کے نیچے خصوصی خانے بنا کروہاں نشہ آور گولیوں کو انتہائی مہارت سے چھپایا گیا تھا تاہم کسٹم اہلکاروں کی تجربہ کاری کی وجہ سے منشیات کو برآمد کرلیا گیاـ
سمگلنگ کی دوسری کارروائی میں اسمگلرز نے ’کارن فلور ‘ استعمال کیا جس کی بوریوں میں نشہ آور گولیاں چھپائی گئی تھیں جن کی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 279 تھی جبکہ تیسری کارروائی میں ضبط کی جانے والی نشہ آور گولیوں کی تعداد 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد تھی جسے ٹرک کے ریڈیٹرمیں خاص تبدیلی کرکے وہاں چھپایا گیا تھا ـ
منشیات اسمگلنگ کی مزید کارروائیوں کےلیے ملزمان نے اشیائے خورونوش منتقل کرنے والے کولنگ ٹرالرز کو استعمال کیا جن کے ذریعے 12لاکھ سے زائد نشہ آورگولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی ـ
محکمہ کسٹم کا مزید کہنا ہے کہ نشہ آورگولیاں اسمگل کرنے کے الزام میں 12 افراد کوحراست میں بھی لیا گیا ہے جن کے خلاف مقدمہ قائم کرکے انہیں محکمہ انسداد منشیات کے حوالے کردیا گیا ـ