Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماں بننے والی خاتون کو ایڈز زدہ قرار دیکر نکال دیا گیا

مکہ مکرمہ ..... مکہ مکرمہ کے ایک نجی اسپتال کی غلط تشخیص نے سعودی خاتون اور اسکے خاندان کو ایڈز کا شکار قرار دیکر ہیبت زدہ کردیا۔ خاتون زچگی کیلئے اسپتال آئی تھی۔ ولادت سے چند گھنٹے قبل طبی عملے نے یہ کہہ کر اسے اور اس کے اہل خانہ کوحیران کردیا کہ خاتون ایڈز میں مبتلا ہے۔ اسپتال عملے نے اتنا ہی نہیں کیا بلکہ ماں بننے والی خاتون کو فوراً ہی اسپتال سے نکلنے کا بھی حکم دیدیا اور سرکاری اسپتال جانے کا مشورہ دیا۔ مقامی خاتون کو اسپتال سے ایسے عالم میں نکالا گیا جب وہ مریضوں کا لباس پہنے ہوئے تھی۔ اسکے ساتھ نہ کوئی نرس بھیجی گئی اور نہ ہی خاتون ڈاکٹر جبکہ اس قسم کے حالات میں ڈاکٹر اور نرس ہمراہ بھیجے جاتے ہیں۔ مقامی شہری نے سبق ویب سائٹ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے طبی معائنے اور زچگی کا بل جمع کرادیا تھا۔ میری بیوی کو آپریشن روم میں منتقل کردیا گیا تھا۔ اچانک لیڈی ڈاکٹر اور بے ہوش کرنے والا اہلکار باہر آئے اوریہ اعلان کرکے چلتے بنے کہ آپریشن نہیں ہوسکتابلڈ رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ خاتون ایڈز میں مبتلا ہے۔ یہ خبر میرے اور میری بیوی پر بجلی بن کر گری ہم ابھی اسی صدمے میں تھے کہ ہمیں پہلی فرصت میں اسپتال چھوڑنے کا حکمنامہ بھی جاری کردیا گیا۔مقامی شہری نے مزید بتایا کہ وہ اپنی بیوی کو مکہ مکرمہ کے زچہ بچہ اسپتال لے گیا وہاں تمام معائنہ جات ہوئے ۔ رپورٹ سے پتہ چلا کہ ایڈز میں مبتلا ہونے کا دعویٰ سراسر غلط تھا۔ الحمدللہ میری بیوی نے بچے کو جنم دیا۔ زچہ اور بچہ دونوں بخیر و عافیت اسپتال سے فارغ کردیئے گئے۔
 

شیئر: