Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیالکوٹ واقعہ پر سول، ملٹری قیادت کا اجلاس، ’جامع لائحہ عمل بنایا جائے گا‘

سوموار کو پریانتھا کمارا کی لاش سری لنکن ایئرلائن کے ذریعے کولمبو بھیج دی گئی تھی۔ (فوٹو:دفتر خارجہ)
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔
پیر کو اجلاس میں سیالکوٹ میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت کے ظالمانہ اقدام پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پریانتھا کمارا کے قتل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹھرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے کہا کہ افراد یا ہجوم کو قانون کو اپنے ہاتھ لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اس طرح کے واقعات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
’اس لیے ایسے واقعات، ایسے واقعات کی روک تھام  اور ملوث افراد کو سزا یقینی بنانے کے لیے جامع لائحہ عمل بنایا جائے گا۔
اجلاس میں ملک عدنان کی بہادری کو بھی سراہا گیا جس نے پریانتھا کمارا کی جان بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی۔
اس موقع پر پریانتھا کمارا کی فیملی کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اطلاعات فواد چودھری، وزیرداخلہ شیخ رشید احمد، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر معید یوسف، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور سینیئر سول اور فوجی حکام شریک ہوئے۔  
خیال رہے پاکستان کے صنعتی شہر سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم نے سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔  سوموار کی صبح پریانتھا کمارا کی لاش کو سری لنکن ایئرلائن کے ذریعے لاہور سے کولمبو بھیج دی گئی تھی۔  
اس موقع پر سری لنکن سفارت خانے کے اہلکار، وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، صوبائی وزیر انسانی حقوق اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام موجود بھی لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

شیئر: