Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی امدادی ایجنسی کی ٹریننگ اور سپورٹ سکیم سے یمن میں سیکڑوں افراد مستفید

خواتین سمیت 500 افراد کو کامیابی سے تربیت دی گئی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی  امدادی ایجنسی کے تحت ووکیشنل اور کاروباری مہارت کی  تربیت اور سپورٹ سکیم سے یمن میں اب تک سینکڑوں افراد مستفید ہوئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ ایجنسی کے ساتھ شراکت میں یمن میں اس منصوبے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
یمن کے گورنریٹس لحج اور حضرموت میں مجموعی طور پر 500 افراد جن میں 326 خواتین شامل ہیں کو اپنی کاروباری صلاحیتوں بشمول پروجیکٹ پلاننگ، ٹائم مینیجمنٹ، مارکیٹ تجزیہ، کسٹمر سروس اور فنانس کو فروغ دینے کے لیےکامیابی سے تربیت دی گئی۔
سعودی عرب چھ سالوں سے یمن کے لیے انسانی امداد کا سب سے بڑا عطیہ دہندہ رہا ہے اور تین ملین ڈالر کے منصوبے کا مقصد یمنیوں کی زندگی کو بہتر بنانا ہے جبکہ اپنا کاروبار شروع کرنے کے خواہاں افراد کی مدد کے لیے گرانٹ کی پیشکش کرنا ہے۔
یہ انیشیٹو کاروباری، زرعی کاروبار، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکسٹائل اور ہینڈلوم، اور تکنیکی مہارتوں جیسے کارپینٹری، گاڑیوں کی دیکھ بھال، موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات سمیت شعبوں میں مدد اور تربیت فراہم کرتا ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر اپنے قیام کے بعد سے یمنی بھائیوں کو پناہ،خوراک،ہیلتھ اور تعلیم سمیت مختلف اقسام کی انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 69 ممالک میں مختلف قسم کے 1705 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں پر 5.43 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا۔ ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کےعلاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 203 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے عالمی ادارہ خوراک پروگرام، بچوں کے لیے اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فنڈ اور ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ شراکت بھی کی ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے انسانیت کی خدمت، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے عرب اور دیگر اسلامی ممالک میں کئی منصوبے جاری ہیں۔

شیئر: