Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خواہش ہے کہ سعودی عرب میں فلم کی شوٹنگ کروں: سلمان خان

بالی وڈ سٹار ریاض سیزن کے پروگرام میں شرکت کے لیے آئے ہوئے ہیں (فوٹو: العربیہ)
بالی وڈ سٹار سلمان خان نے سعودی عرب میں اپنی فلم کی شوٹنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
وہ ریاض سیزن کے پروگرام میں بالی وڈ سٹارز کے پہلے شو میں شرکت کے لیے ریاض آئے ہوئے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جمعے کو پریس کانفرنس میں سلمان خان نے ریاض سیزن کے پروگرام اور سعودی عرب میں نظر آنے والی تبدیلیوں پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’انہیں سعودی عرب آنے پر بے انتہا خوشی ہے۔ مملکت کے مشرقی ریجن میں بھی بڑی تبدیلیاں ہو رہی ہیں، یہاں جو کچھ دیکھا وہ قابل تعریف ہے۔‘

سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’سعودی ہنستے مسکراتے لوگ ہیں‘ (فوٹو: العربیہ)

انہوں نے کہا کہ ’سعودی ہنستے مسکراتے لوگ ہیں۔ ان کے چہرے پر بکھری مسکراہٹ سے زیادہ خوبصورت بات کیا ہوگی۔‘
بالی وڈ سٹار نے کہا کہ ’مملکت میں اپنی فلم کی عکس بندی کی خواہش ہے۔ یہ فلمی کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوگا۔ سعودی عرب بلاشبہ تہذیبوں کا سنگم ہے۔‘
اس موقع پر بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے کہا کہ ’ریاض سیزن کے پروگرام میں شریک ہو کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔‘
’ پہلی مرتبہ سعودی عرب آئی ہوں۔ میں نے یہاں ریاض سیزن اور مملکت میں جو کچھ دیکھا۔ اس کے جمالیاتی پہلوؤں کے بارے میں بالی وڈ کے دوستوں کو بتاؤں گی۔‘

ریاض سیزن میں 7500 پروگرام ہو رہے ہیں (فوٹو: العربیہ)

العربیہ نیٹ کے مطابق سٹار سلمان خان کا شمار بالی وڈ کے مقبول ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ شائقین انہیں ’سلمان بھائی‘ کہتے ہیں اور یہ اعزاز انڈیا کے کسی اور اداکار کو حاصل نہیں ہے۔
55 سالہ بالی وڈ سٹار سلمان خان نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1988 میں کیا تھا۔ وہ اب تک 107 فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
ان کی اہم فلموں میں باڈی گارڈ، دبنگ اور ایک تھا ٹائیگر شامل ہیں۔
ریاض سیزن میں 7500 پروگرام ہو رہے ہیں۔ ان میں 70 عرب کنسٹرٹس، 6 انٹرنیشنل کنٹسرٹس، انٹرنیشنل شوز اور 350 تھیٹر شامل ہیں۔

شیئر: