میئر بمقابلہ کونسل رکن، برازیل میں دو سیاست دان اکھاڑے میں اترے
میئر بمقابلہ کونسل رکن، برازیل میں دو سیاست دان اکھاڑے میں اترے
منگل 14 دسمبر 2021 9:38
چیلنج قبول کرنے کے بعد میئر اور کونسل رکن رنگ میں داخل ہوئے تو تماشائیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ (فوٹو: ایم بی ڈاٹ کام)
برازیل کے ایک چھوٹے شہر کے میئر پہلے سے ہی انتشار کی شکار سیاست کو اکھاڑے میں لے گئے اور ’کیج فائٹ‘ میں سابق کونسل رکن کے ساتھ پرانا حساب برابر کرنے کی کوشش کی۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برازیل میونسپلٹی کے میئر سماؤ پیگزوٹو کا شہر کی کونسل کے رکن ایرینو میریکو ڈا سیلوا کے ساتھ کوئی پرانا ذاتی جھگڑا تھا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈا سیلوا کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی وہ ویڈیو اونٹ کی کمر پر آخری تنکا ثابت ہوئی جس میں دریا کنارے کسی سیاحتی مقام کی صورت حال پر میونسپلٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
ویڈیو میں ڈا سیلوا کی جانب سے زدوکوب کیے جانے کی دھمکی پر 39 سالہ پیگزوٹو آگ بگولا ہو گئے اور ان کو فائٹ کے لیے چیلنج دے دیا۔
ڈا سیلوا کی جانب سے چیلنج قبول کیے جانے کے بعد تین راؤنڈز پر مشتمل مارشل آرٹ فائٹ کا آغاز اتوار کی صبح شہر کے سپورٹس سینٹر میں ہوا جس میں کثیر تعداد میں تماشائیوں نے بھی شرکت کی، اور اپنے اپنے پسندیدہ فائٹر کے لیے نعرے لگاتے رہے۔
پیگزیٹو کے ایک قریبی ساتھی کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈالی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ رنگ میں داخل ہوئے اور اونچی آواز میں نعرہ لگایا۔
اس کے بعد دو افراد شرٹس کے بغیر رنگ میں داخل ہوئے اور ایک دوسرے کو گھورنے میں وقت ضائع کرنے کی بجائے گتم گتھا ہو گئے تاہم جلد ہی تھکاوٹ کا شکار دکھائی دیے۔
ڈا سیلوا نے دو مرتبہ میئر کو گرایا، ایک بار شروع میں اور ایک بار تیسرے راؤنڈ میں تاہم ججز نے پیگزوٹو کو فاتح قرار دیا۔
فائٹ کے بعد دشمنی ختم ہونے کا اشارہ اس بات سے ملا کہ دونوں خوشگوار انداز میں ایک دوسرے کے گلے لگے۔
مقابلے کے بعد پیگزوٹو کا کہنا تھا کہ فائٹ کا مقصد سپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا، جبکہ اس سے چیرٹی کا مقصد بھی حاصل ہوا کیونکہ دیکھنے والوں سے کہا گیا تھا کہ ضرورت مندوں کی خوراک کے لیے چندہ دیں۔
دوسری جانب اس مقابلے پر کچھ لوگ خوش دکھائی نہیں دے رہے۔
امازوناز کے ہیلتھ ریگولیٹر نے اس پر ردعمل میں کہا کہ ان ڈور مقابلے اور ماسک کے بغیر تماشائیوں کی شرکت پر دونوں سے وضاحت طلب کی جائے گی۔
اسی طرح بعض دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ برازیل کی سیاست ویسے ہی مختلف حصوں میں بٹی ہے اور اب اس کو کیج فائٹ میں پہنچا دیا گیا ہے۔
ایک مقامی میگزین ویجا نے لکھا کہ ’اس فائٹ میں پبلک ہیلتھ، ڈیبیٹ اور سب سے بڑی بات ووٹرز ہار گئے ہیں۔‘
اسی طرح برازیل کے کچھ شہریوں کی جانب سے ایسے مزید مقابلے کیے جانے کی بات بھی کی گئی ہے۔
برازیل میں اگلے برس اکتوبر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں جس میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے جیئر بولسونارو اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سابق صدر لوئز انیشیو کے درمیان مقابلہ ہوگا۔