کویت: ڈرائیونگ لائسنس کی شرائط سخت کرنے پر غور
جمعرات 16 دسمبر 2021 5:31
ڈھائی لاکھ غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس بھی ضبط کیے جائیں گے (فوٹو: ٹوئٹر)
کویتی وزارت داخلہ نے عندیہ دیا ہے کہ کویتی ٹریفک حکام پرانے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر کے نئے کارڈ جاری کریں گے۔
کویتی جریدے الرای کے مطابق بعض غیر ملکیوں نے جعلسازی اور فراڈ کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر رکھے ہیں۔
بیشترغیرملکی ایک ادارے سے دوسرے ادارے، ایک کمپنی سے دوسری کمپنی میں منتقل ہو گئے ہیں اور نئے آجر کے ہاں وہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی شرائط پوری نہیں کر رہے ہیں۔
بہت سےغیرملکی کویت سے چلے گئے اور واپس نہیں آئے، ان کے اقامے ختم ہو گئے تاہم وہ لائسنس ہولڈر ہیں۔ اس زمرے میں آنے والے غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس بھی ضبط ہوں گے۔
کویتی حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک کمیٹی کو لائسنس ضبط کر کے نئے جاری کرنے میں متعدد مسائل پیش آئیں گے۔ 30 لاکھ سے زیادہ لائسنسز کی ضبطی اور تبدیلی آسان کام نہیں ہے۔
ایک تخمینے کے مطابق ضبط کیے جانے والے 30 لاکھ لائسنسوں میں سے 10 لاکھ کے لگ بھگ ایسے ہیں جن کی جگہ نئے لائسنس جاری ہونے ہیں۔ کویت میں موجود ڈھائی لاکھ غیرملکیوں کے ڈرائیونگ لائسنس ضبط کیے جائیں گے۔
کویتی حکام نے کہا ہے کہ لائسنسوں کی ضبطی اور تبدیلی کے آپریشن کے ساتھ ایک اور فیصلہ یہ کیا گیا ہے کہ مستقبل میں غیر ملکیوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی شرائط سخت کی جائیں تاکہ ملک میں ٹریفک رش کو کنٹرول جا سکے۔