Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات نے ایک سال میں ایک ملین ایئرموومنٹ کا ہدف عبور کر لیا

فضائی ٹریفک میں 10.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے کہا ہے کہ امارات نے 2024 میں نیا سنگ میل حاصل کرتے ہوئے ایک ملین ایئرموومنٹ کا ہدف عبورکیا ہے۔
2023 کے مقابلے میں 2024 کے دوران فضائی ٹریفک میں 10.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
 سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ 22 دسمبر کو ایمریٹس کی شنگھائی کے لیے پرواز 305 نے ایک ملین ایئر موومنٹ کا ہدف عبور کیا جو ایوی ایشن کے سفر میں ایک بڑی کامیابی ہے۔
اماراتی وزیر اقتصادیات اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین عبداللہ بن طوق المری کا کہنا ہے کہ ’سال میں 10 لاکھ سے زیادہ ایئرموومنٹ کا حصول صرف عددی کامیابی نہیں بلکہ ایوی ایشن کے شعبے کو قومی معیشت کے اہم ستون کے طور پر ترقی دینے اور بین الاقوامی ایئرموومنٹ کی منزل کے طور پر اپنی پوزیشن مستحکم کرنے کے حوالے سے امارات کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔‘
 عبداللہ بن طوق المری کا کہنا تھا کہ پچھلے دو برسوں میں ائیر ٹریفک میں 20 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا جو عالمی سطح پر سب سے زیادہ ہے۔
امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی نے کہا کہ ’ایک سال میں 10 لاکھ سے زیادہ ایئر موومنٹ شیخ زاید ایئر نیوی گیشن سینٹر کی ٹیم کی سخت محنت اور عزم کے ساتھ ایوی ایشن سیکٹر میں ہمارے شراکت داروں کے ساتھ منصوبہ بندی اور قریبی تعاون کو ظاہر کرتی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’2024 میں 2023 کے مقابلے میں 10.3 فیصد کی اوسط سے ترقی ریکارڈ کی گئی جس میں سیفٹی، کارکردگی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے نظام اور خدمات کی ترقی کو جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔‘
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: