سکردو میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ’اب لوگ نوکریوں کے لیے یہاں آئیں گے‘
جمعرات 16 دسمبر 2021 12:20
عمران خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ بننے سے سکردو میں سیاحت بڑھے گی (فوٹو:عمران خان /فیس بک)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایئرپورٹ بننے کے بعد سکردو تیزی سے ترقی کرے گا، سیاحت بڑھے گی اور لوگ یہاں نوکریوں کے لیے آئیں گے۔‘
جمعرات کو سکردو میں عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے خوبصورتی کے حوالے سے گلگت بلتستان کو سوئرز لینڈ سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ اس سے آدھا ہے مگر پھر بھی سیاحت سے 70 ارب ڈالر سالانہ کماتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ اس کا اندازہ اس بات سے لگا لیں کہ پاکستان کی ساری برآمدات 30 ارب ڈالر ہیں۔
وزیراعظم نے جی بی کی سیر کرنے والے سوئزر لینڈ اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کچھ افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انہیں بتایا کہ یہاں ان ممالک کے مقابلے میں گلگت بلتستان میں کچھ ہے۔
عمران خان نے بتایا کہ سڑک بننے سے بھی آنے جانے میں آسانی ہو گئی۔ ’اسلام آباد کا آٹھ گھنٹے کا سفر کم ہو کر تین گھنٹے ہو گیا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ کشمیر اور دوسرے علاقوں سے بھی اس سڑک کو جوڑا جائے گا۔
عمران خان کے مطابق اگر سوئزرلینڈ تھوڑے علاقے سے 70 ارب ڈالر کما سکتا ہے تو ہم گلگت بلتستان کی سیاحت سے 30 سے 40 ارب ڈالر کما سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مذہبی ٹورازم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں سکھوں، ہندوؤں اور گندھارا تہذیب کے مقامات بھی موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہاں کے مسائل کا علم ہے اس لیے یہاں نئے ضلعے بھی بنائیں جائیں گے جبکہ بجلی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہاں بہت کچھ بدلنے جا رہا ہے، لوگ آپ کی زمینیں خریدنے آئیں گے، اور یہاں سے لوگ نوکریوں کے لیے جائیں گے نہیں بلکہ یہاں لوگ نوکریوں کے لیے آئیں گے۔‘