Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک، تین اہلکار زخمی

پولیس کے مطابق ڈاکو فرار ہو کر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے گھر میں محصور ہو گئے۔ فوٹو: اسلام آباد پولیس
اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق سنیچر کی صبح پولیس کو ڈکیتی کی اطلاع ملی تو بروقت ایکشن لیتے ہوئے چھاپہ مار ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد کے مشہور بلال ڈکیت گینگ نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر ایک پولیس جوان زخمی ہوا جبکہ ڈاکو موقع سے فرار ہوئے۔
پولیس ٹیموں نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تو ڈاکو ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن فیز ایٹ کے ایک گھر میں محصور ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق ’پولیس نے گھر کو گھیرے میں لے لیا تو ڈاکووں نے دوبارہ پولیس ٹیم پر فائرنگ کی۔ پولیس کی جواب فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔ اس پولیس مقابلے میں اے ٹی ایس کے تین پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔‘
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینیئر افسران موقع پر پہنچ گئے۔
اسلام آباد پولیس کے سربراہ احسن یونس نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔
انھوں نے پولیس ریڈنگ  ٹیم کے لئے ایک ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ شدید زخمی پولیس جوان کے لیے پانچ لاکھ روپے جبکہ دیگر دو زخمی اہلکاروں کے لیے تین تین لاکھ روپے کا اعلان کیا۔
آئی جی نے زخمی اہلکاروں کو بہترین علاج معالجہے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس کے جوانوں نے بڑی بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے جو قابل تحسین ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈکیتی کی کئی بڑی وارداتیں ہوئیں جن میں خاتون سینیٹر سمیت کئی ایک اہم شخصیات، کاروباری افراد اور عام شہریوں کے گھروں سے کروڑوں روپے، زیورات اور قیمتی اشیا لوٹی گئیں۔

اسلام آباد پولیس کے سربراہ احسن یونس نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ فوٹو: اسلام آباد پولیس ٹوئٹر

اس صورت حال کے باعث ہی اسلام آباد پولیس کی اعلیٰ کمان میں تبدیلیاں لائی گئیں اور آئی جی اسلام کا بھی تبادلہ کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق نئے آئی جی کی تعیناتی کے بعد اسلام آباد پولیس کے کئی اہم افسران نے ان کے ماتحت کام کرنے سے انکار کر دیا جس کے بعد درجنوں پولیس افسران کے بھی تبادلے کیے گئے۔
 

شیئر: