Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

  قانون محنت میں خلاف ورزیوں کے نئے ضوابط کی منظوری

فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر اپیل دائر کی جا سکتی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
 وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی نے محنت کے قانون  کی خلاف ورزیوں اور  سزاؤں کا نیا چارٹ جاری کر دیا ہے۔ کسی بھی خلاف ورزی پر سزا کے فیصلے کے خلاف 60 روز کے اندر اپیل دائر کی جا سکے گی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے قانون محنت کی خلاف ورزیوں اور ان پر سزاؤں کے چارٹ کی منظوری دے دی ہے۔  
سعودی عرب میں سرکاری گزٹ ام القریٰ نے نئی خلاف ورزیوں اور ان کی سزاؤں کا چارٹ شائع کر دیا۔ عمل درآمد اشاعت کی تاریخ سے شروع ہو گیا۔

سالانہ بنیادوں پر کارکنوں کا طبی معائنہ کرانا ضروری ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے قانون محنت کی خلاف ورزیوں کو تین زمروں میں تقسیم کیا ہے ۔ پہلے زمرے میں جسے (ج ) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے تحت ایک سے 10 تک ملازم رکھنے والی کمپنیاں آئیں گی۔ دوسرے زمرے کو (ب) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا اطلاق 11 سے 50 تک کارکنان والی کمپنیوں و اداروں پر ہو گا ۔ تیسرے زمرے کا نام (الف) رکھا گیا ہے ۔ اس کے تحت 51 اور اس سے زیادہ کارکنان والے ادارے آئیں گے۔  
نئے قانون کے تحت طے کیا گیا ہے کہ خلاف ورزی پر سزا کے فیصلے کو 60 روز کے اندر چیلنج کیا جا سکے گا۔ 60 دن سزا کے فیصلے کی اطلاع کے روز سے شمار ہوں گے۔  
خلاف ورزی کا ارتکاب کرنے والے کو فیصلے کی اطلاع ملنے کی تاریخ سے 60 روز کے اندر مقررہ جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ اس دوران جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں وزارت کی جانب سے اسے فراہم کی جانے والی سہولیات جرمانہ ادا کرنے کے لمحے تک معطل کر دی جائیں گی۔  
نئی خلاف ورزیوں میں یہ بات بھی شامل ہے کہ آجر وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے منظورشدہ صحت سلامتی کے ضوابط اور پیشہ وارانہ صحت نظام کی پابندی نہ کر رہا ہو۔

 موسم گرما میں دوپہر کے وقت کھلے مقامات پرکام کرانا خلاف قانون ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

ادارے کے امور انجام دینے والے کارکنان کے تحفظ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا بھی نئے قانون محنت میں خلاف ورزی شمار کیا گیا ہے۔  
خلاف ورزی یہ بھی ہے کہ ادارے میں کام کرنے والوں کی اپنی زبان میں سلامتی ہدایات چسپاں نہ کی گئی ہوں۔ ہر ادارے کا فرض ہے کہ وہ کم از کم انگریزی اور عربی زبان میں سلامتی ہدایات نمایاں جگہ چسپاں کرے۔  
نئی خلاف ورزیوں میں یہ بات بھی شامل کی گئی ہے کہ کارکن خطرات سے بچاؤ کے لیے مقرر ہدایات کی پابندی نہ کر رہا ہو۔
خلاف ورزی یہ بھی ہے کہ آجر آتشزدگی سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار نہ کر رہا ہو۔  

کارکن کے لیے حفاظتی اقدامات کرنا ضروری ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

نئی خلاف ورزیوں میں یہ بات بھی شامل کی گئی ہے کہ آجر کارکن کے اوقات کار کے دوران بیمار ہونے کی صورت میں ان کا طبی معائنہ نہ کرائے۔ ہر آجر کی ذمہ داری ہے کہ وہ سال میں کم از کم ایک مرتبہ اپنے تمام کارکنان کا مکمل طبی معائنہ کرائے۔  
کھلے میدان میں دھوپ میں کارکن سے ڈیوٹی لینا یا خراب موسمی حالات میں احتیاطی تدابیر کے بغیر کام لینا بھی قانون محنت کی خلاف ورزی میں شامل ہے۔  
کارکن اور اس کے اہل خانہ کا میڈیکل انشورنس نہ کرانا بھی قانون محنت کے بموجب خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔ 15 برس سے کم عمرکے بچوں کو ملازمت دینا اور ان سے کام لینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔  

شیئر: