Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماحول دوستی، سپین میں سکول جانے والے بچوں کے سائیکل قافلے

ڈومنگیوز نے کہا کہ ’لگ بھگ 140 بچے یہ روٹ استعمال کرتے ہیں (فوٹو اے ایف پی)
 سپین کے شہر بارسلونا کے سرسبز و شاداب مضافاتی علاقے میں ہر جمعے سڑک کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا ہے اور وہاں سے سائیکلوں پر سوار چھوٹے بچوں کے قافلے سکول جانے کے لیے گزرتے ہیں۔
بچوں میں جسمانی ورزش کے رجحان کو فروغ دینے اور ماحول کو بہتر رکھنے کےلیے بارسلونا میں ’بائیک بس‘ کے نام سے ایک سکیم شروع کی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس سکیم کا مقصد یہ ہے کہ ہفتے میں ایک دن بچے سکول بس کے بجائے اپنی سائیکلوں پر سکول جائیں۔ اکثر والدین بھی اپنی گاڑیاں استعمال کرنے کے بجائے سائیکل پر بچوں کے ساتھ ساتھ جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ پولیس بھی حفاظت کےلیے سائیکلوں یا موٹر بائیکس پر بچوں کے قافلے کے ساتھ ہوتی ہے۔
یہ پروگرام ستمبر میں ’اکسیمپل‘ نامی ایک چھوٹے قصبے میں شروع کیا گیا تھا اور اب یہ اتنا مقبول ہو چکا ہے کہ دوسرے علاقے بھی اس کی پیروی کر رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس میں دلچسپی پیدا ہوئی ہے۔
40 سالہ ڈومنگیز کا کہنا ہے کہ ’بارسلونا میں پہلے ہی سائیکل لین کا نیٹ ورک موجود ہے، لیکن وہ بچوں کےلیے محفوظ نہیں ہے۔ میں سڑک کے بہت قریب رہتا ہوں جہاں کاریں اور موٹر سائیکلیں بہت تیز رفتاری اور بہت قریب سے گزرتی ہیں۔‘
ڈومنگیوز نے کہا کہ ’لگ بھگ 140 بچے یہ روٹ استعمال کرتے ہیں جو فی الحال صرف اکسیمپل میں ہے، لیکن بارسلونا کے 35 سکولوں کے والدین نے ایک حالیہ میٹنگ میں شرکت کی تاکہ وہ بھی یہ سیکھ سکیں۔‘
ان کے مطابق اس طرح کے پراجیکٹس ڈبلن جیسے شہروں میں بھی چل رہے ہیں، لیکن بارسلونا کی مثال کو دیکھتے ہوئے بیونس آئرز اور سان فرانسسکو نے بھی اس میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’والدین ہمیں بتاتے ہیں کہ جمعہ وہ دن ہے جب انہیں اپنے بچوں کو نیند سے جگانے میں سب سے کم دشواری ہوتی ہے۔‘
بارسلونا کی انتظامیہ نے کہا کہ اس سکیم کا مقصد زیادہ پائیدار اور فعال نقل و حرکت کو فروغ دینا ہے۔

شیئر: