Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو بائیڈن کا وائٹ ہاؤس میں ’کمانڈر کو خوش آمدید‘

امریکی صدر جو بائیڈن وائٹ ہاؤس میں ایک کتا لے کر آئے ہیں جس کا نام ’کمانڈر‘ ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کتے کی فوٹو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اسے وائٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہا ہے۔
جو بائیڈن نے ’نئے بائیڈن‘ کو امریکی عوام سے متعارف کروانے کے لیے ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔
کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جو بائیڈن کمانڈر کی طرف گیند پھینک رہے ہیں۔ اس کے بعد جو بائیڈن، ان کی اہلیہ جل اور کمانڈر وائٹ ہاؤس میں داخل ہوتے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق وائٹ ہاؤس میں اس نئے رکن کا اضافہ جو بائیڈن کے لیے خوش آئند ہے کیونکہ حالیہ ہفتوں میں ان کی عوام میں مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے باوجود ان کا معاشرتی اخراجات کا مشہور بل مسترد ہو گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس نے کمانڈر سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔
کمانڈر تیسرا کتا ہے جو وائٹ ہاؤس میں جو بائیڈن کے ساتھ ہوگا۔
جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں پالتو جانور رکھنے کا رواج زندہ کر دیا ہے۔ یہ رواج سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں ختم ہو گیا تھا۔
جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ اپنے ساتھ جرمن شیپرڈ نسل کے کتے ساتھ لائے تھے جن کا نام چیمپ اور میجر تھا۔
رواں برس جون میں صدر جو بائیڈن اور ان کی اہلیہ نے ٹوئٹر پر اعلان کیا تھا کہ چیمپ 13 سلا کی عمر میں انتقال کر گیا ہے، جبکہ میجر کو وائٹ ہاؤس میں رہنے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔
اس وجہ سے میجر کو ڈیلاوئر میں جو بائیڈن کے آبائی گھر بھیج دیا گیا تھا۔
بائیڈنز نے یہ بھی اعلان کیا تھا کہ وہ ایک بلی لے کر آئیں گے۔
اس حوالے سے پریس سیکرٹری جین ساکی کا کہنا تھا کہ بلی کے آنے سے انٹرنیٹ پر ہلچل مچ جائے گی۔ تاہم اب تک بلی وائٹ ہاؤس نہیں آئی ہے۔

شیئر: