Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دُبلی جسامت کی وجہ سے باڈی شیمنگ کا سامنا کرنا پڑا: اتھیا شیٹی

اتھیا شیٹی نے کہا کہ ’اگر آپ کے پاس کچھ اچھا کہنے کو نہیں ہے تو کچھ بھی مت کہیے‘ (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ اتھیا شیٹی کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے لڑکپن میں باڈی شیمنگ اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ اپنی جسامت کے حوالے سے پُراعتماد محسوس نہیں کرتی تھیں۔
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کو انٹرویو میں بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی کی صاحبزادی اتھیا شیٹی نے بتایا کہ ’لوگوں کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ باڈی شیمنگ کا تعلق صرف زیادہ وزن سے ہی نہیں بلکہ دبلی پتلی جسامت کے حامل افراد کو بھی اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’میں ہمیشہ سے یہ سمجھتی ہوں کہ کسی کے وزن، ظاہری شخصیت یا کسی بھی ایسی چیز پر تبصرہ کرنا جس سے ان کے اعتماد میں کمی آ سکتی ہے، ایک ایسی بات ہے جس پر میں یقین نہیں رکھتی۔‘
اتھیا کہتی ہیں کہ ’آپ کو معلوم نہیں کہ لوگ کس جنگ سے نبردآزما ہیں اور ان کے کیا خدشات ہیں۔ میرا ہمیشہ سے یہ خیال ہے کہ اگر آپ کے پاس کچھ اچھا کہنے کو نہیں ہے تو کچھ بھی مت کہیے۔ ہمارے الفاظ کا لوگوں اور روزمرہ زندگی پر پر اثر پڑتا ہے۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’میں اب بھی اپنی جسامت کے حوالے سے محتاط ہوں لیکن اب میں بہت بہتر ہوں کیونکہ مجھے آج خود پر اعتماد ہے۔ لوگوں کو معلوم ہی نہیں کہ باڈی شیمنگ کیا ہے وہ سمجھتے ہیں کہ اس کا تعلق زیادہ وزن کے حامل افراد سے ہے جبکہ ایسا نہیں ہے۔ لوگ ان افراد کی بھی باڈی شیمنگ کرتے ہیں جو دبلے پتلے ہوں۔‘
اتھیا شیٹی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنی خامیوں کو قبول کریں۔ ’یہ بہت کم عمر سے ہی شروع ہو جاتا ہے جو کہ افسوسناک بھی ہے اور خوفناک بھی لیکن میں اب تبدیلی دیکھ رہی ہوں۔ میگزین کورز نے بھی ایسے کورز بنائے ہیں جو اصل ہیں جنہوں نے مرد و خواتین کو یہ سمجھنے میں مدد دی ہے کہ اصل بھی خوبصورت ہے۔‘

شیئر: