Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کی جِلد کے نشان اتنے بُرے نہیں جتنا پڑوس والی آنٹی بتاتی ہیں‘

یامی گوتم کو رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی تشہر کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا (فوٹو: یامی گوتم انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ یامی گوتم نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جِلد کی ایک حالت کیراٹوز پیلاریس میں مبتلا رہی ہیں اور برسوں تک وہ اپنی جِلد کے بارے میں منفی سوچ رکھتی تھیں تاہم اب انہوں نے اپنے ’داغوں‘ کو ’قبول‘ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یامی گوتم کو رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی تشہیر کی وجہ سے کافی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ سنہ 2019 میں وہ فلم بلا میں نظر آئی تھیں جو گوری رنگت کے جُنون اور وقت سے پہلے گنج پن کے موضوع پر مبنی تھی۔
اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں یامی گوتم نے اپنی ایک تصویر شیئر کی جس کے ساتھ انہوں نے انسٹا فیملی کے لیے ایک تفصیلی نوٹ لکھا۔
اس پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’میں نے حال ہی میں کچھ تصاویر کے لیے شوٹ کروایا ہے اور ابھی جیسے ہی وہ پوسٹ پروڈکشن کے لیے جانے والی ہیں جس میں میری جِلد کی حالت کیراٹوسز پیلاریس کو چھپایا جائے گا۔‘
یامی نے لکھا کہ ’میں نے سوچا یامی! تم اس حقیقت کو کیوں تسلیم نہیں کرتیں اور اس کے ساتھ ٹھیک رہنے کو کیوں قبول نہیں کرتیں؟ اسے رہنے دو۔۔۔ (ہاں میں خود سے اونچی آواز میں کہہ رہی ہوں)۔

 
اپنی جِلد کی اس حالت کے بارے میں بتاتے ہوئے یامی نے لکھا کہ ’وہ لوگ جنہیں اس بارے میں علم نہیں ہے، یہ جِلد کی ایسی حالت ہے جس میں آپ کی جِلد میں چھوٹے چھوٹے نشان بن جاتے ہیں۔ میں وعدہ کرتی ہوں یہ اتنے برے نہیں ہیں جتنا آپ کا دماغ یا آپ کی پڑوس والی آنٹی اسے بنا دیتی ہیں۔ میں ٹین ایج کے دنوں میں اس میں مبتلا ہوئی اور اس کا اب بھی کوئی علاج نہیں ہے۔‘
انہوں نے اپنے تفصیلی نوٹ میں کہا کہ اب بالآخر وہ اپنے ’عدم تحفظات‘ کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ’میں بہت برسوں سے اس سے نمٹ رہی ہوں اور آج بالآخر میں نے اپنے تمام خوف اور عدم تحفظات کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور مجھے اپنے ’داغوں‘ کو کھلے دل سے  قبول کرنے کا حوصلہ مل گیا ہے۔ مجھے اپنا یہ سچ آپ سب کے ساتھ شیئر کرنے کا بھی حوصلہ ملا ہے۔‘

شیئر: