او آئی سی اجلاس، بلوچستان میں انگاروں پر چلنے کا واقعہ اور انٹرنیٹ کی بندش سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
او آئی سی اجلاس، بلوچستان میں انگاروں پر چلنے کا واقعہ اور انٹرنیٹ کی بندش سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
ہفتہ 25 دسمبر 2021 0:02
زیارت میں بے گناہی ثابت کرنے کے لیے دو افراد کو انگاروں پر سے گزارا گیا۔ فوٹو: سکرین گریب
گذشتہ ہفتے پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس، کورونا وائرس کی بوسٹر ڈوز، بلوچستان میں دو افراد کے انگاروں پر چلنے سمیت کئی اہم واقعات ہوئے۔
ان کے بارے میں مزید جاننے کے لیے ذیل میں دی گئی معلومات پڑھیے۔
او آئی سی کا افغانستان کے لیے اسلامک ڈیولپمنٹ فنڈ کے قیام کا اعلان
اسلام آباد میں سعودی عرب کی قیادت اور پاکستان کی میزبانی میں افغانستان کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کے اختتام پر او آئی سی سکریٹری جنرل نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ’افغانستان کے لیے خصوصی اسلامک ڈیولپمنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس میں ممالک، گروپس حتی کہ افراد بھی عطیات دے سکیں گے۔‘
پاکستان میں 30 سال سے زائد عمر کے افراد ویکسین کی بوسٹر ڈوز کے اہل
کورونا وائرس کی بوسٹر ڈوز سے متعلق پیش رفت دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہوئی ہے۔
پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات اٹھانے والے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ ’30 سال سے زیادہ عمر والے افراد یکم جنوری 2022 سے اپنی مرضی کی بوسٹر خوراک حاصل کرنے کے اہل ہیں۔‘
پاکستان میں صارفین کو 20 اور 21 دسمبر کو انٹرنیٹ کی سپیڈ میں کمی کا سامنا رہا جس کی وجہ افریقہ سے پاکستان آنے والی ’اے اے ای 1‘ انٹرنیشنل سبمرین کیبل میں تکنیکی خرابی بتائی جارہی تھی۔
پاکستانی نژاد امریکی خاتون کا اغوا، سابق شوہر گرفتار
دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی سے پاکستانی نژاد امریکی حاتون لاپتہ ہوگئی تھیں۔ تاہم ان کے اغوا کے الزام میں پولیس نے ان کے سابق شوہر کو گرفتار کر لیا۔