حزب اللہ کی صنعا ایئرپورٹ پر موجودگی کا ثبوت پیش کریں گے: اتحادی فوج
صنعا ایئرپورٹ کو مملکت پر حملے کے لیے استعمال کیا جارہا تھا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
یمن آئینی حکومت کی حمایت کے لیے قائم عرب اتحادی فورسز کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف یمن میں حزب اللہ کی موجودگی اور کارروائیوں کا ثبوت پیش کیا جائے گا۔
سبق نیوز نے اتحادی فورس کے حوالے سے جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ یمن میں حزب اللہ کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کی جو منظم کارروائیاں کی جا رہی ہیں ان کے بارے میں ثبوت اتوار کو پریس کانفرنس میں پیش کیے جائیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنانی دہشتگرد تنظیم حزب اللہ کی یمن میں موجودگی اور باغیوں کی پشت پناہی کے حوالے سے ثبوت موجود ہیں۔
حزب اللہ کی جانب سے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو سعودی عرب کے خلاف استعمال کرتے ہوئے وہاں سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے لیے دھماکہ خیز ڈرونز اور راکٹ لانچنگ پیڈ قائم کرنا شامل ہے۔
واضح رہے اتحادی فورسز نے گزشتہ ہفتے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پرٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے حوثی باغیوں کے ڈرون اور راکٹ لانچنگ پیڈز کو تباہ کیا تھا۔
آپریشن میں صنعا ایئرپورٹ پر قائم حوثیوں کے ٹریننگ کیمپ کے علاوہ عسکری ٹھکانوں کو بھی تباہ کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے اتحادی فورس کا کہنا تھا کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں کسی شہری تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچا۔