عرب اتحاد کا حوثیوں کو انتباہ ، ’اسٹیڈیم خالی کیاجائے‘
جمعرات 23 دسمبر 2021 21:02
بارود بردار کشتی ’الحدیدہ ‘ سے حملے کےلیے روانہ کی گئی تھی(فوٹو، ٹوئٹر)
عرب اتحاد برائے یمن نے حوثیوں کوصنعا کا ’الثورہ‘ اسٹیڈیم خالی کرنے کا انتباہ دے دیاہے۔ اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ 6 گھنٹے کے اندراندر اسلحہ اسٹیڈیم سے نکال لیا جائے۔
دوسری جانب اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ جنوبی بحرالاحمر میں حوثیوں کی باردودی کشتی کو تباہ کردیا گیاہے۔
اخبار 24 کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی 6 گھنٹے کی مقررہ مہلت کے دوران اسٹیڈیم کو اصل حالت میں بحال کردیں۔
عرب اتحاد کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیڈیم کو اسلحہ سے خالی کرنے کی مہلت جمعرات کی شب سے شروع ہوگی۔اتحادی فورس کا کہنا ہے کہ اگرحوثیوں نے مہلت کے دوران اسٹیڈیم کو خالی نہ کیا اور اس حوالے سے بین الاقوامی انسانی قانون کی پرعمل نہ کیا تو اسٹیڈیم کو حاصل تحفظ ختم کردیاجائے گا۔
عرب اتحاد نے توجہ دلائی کہ مراعات یافتہ مقامات کا تحفظ بین الاقوامی انسانی قانون کے احکام وضوابط کے مطابق ختم کیاجائے گا۔
قبل ازیں عرب اتحاد برائے یمن نے جمعرات کی شب جاری بیان میں کہا ہے کہ جنوبی بحر الاحمر میں حوثیوں کی باردوبردار کشتی کو تباہ کردیا گیا۔
اخبار 24 کے مطابق عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ بارود بردار کشتی ’الحدیدہ ‘ سے حملے کےلیے روانہ کی گئی تھی۔