’رانا شمیم نے حلف نامہ نواز شریف کے دفتر میں ان کے سامنے نوٹرائز کرایا‘
اتوار 26 دسمبر 2021 10:33
گذشتہ ہفتے سابق جج رانا شمیم نے بیان حلفی عدالت میں جمع کرایا تھا۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نئے انکشافات نے ایک مرتبہ پھر شریف فیملی کو سیسیلین مافیا ثابت کیا ہے۔
اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اخبار میں چھپنے والی ایک خبر کا تراشہ شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ سابق جج رانا شمیم نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج صاحبان کے خلاف حلف نامہ نواز شریف کے سامنے نوٹرائز کرایا۔
’نئے انکشافات نے ایک مرتبہ پھر شریف فیملی کو سیسیلین مافیا ثابت کیا ہے کہ کس طرح وہ ایک مافیا کی طرح عدالتوں سمیت اداروں کو بلیک میل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘
گذشتہ مہینے پاکستان کے جنگ اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے اپنے حلف نامے میں کہا تھا کہ وہ اس واقعے کے گواہ ہے جب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018 کے الیکشن سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بھی ٹویٹ کیا کہ ’یہ بہت بڑا انکشاف ہے کہ اب حلف نامہ بھی نواز شریف نے اپنی موجودگی میں عدلیہ پر حملہ کرنے کے لیے تحریر کروایا۔‘
سنیچر کو وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حزب اختلاف کی جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے ٹویٹ کیا تھا کہ ’جو لوگ وطن واپسی کے لیے ڈیلوں کا انتظار کریں وہ سیاست میں ہمیشہ بونے ہی رہیں گے۔‘
رانا شمیم کے خلاف توہین عدالت کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے رانا شمیم کو اصل بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا تھا جو انہوں نے جمع کر وا دیا ہے۔