’ٹائیگر بھی زندہ ہے اور سانپ بھی زندہ ہے‘
انہیں کل ان کے فارم ہاؤس پر ایک سانپ نے کاٹ لیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ میں دبنگ خان کہلائے جانے والے اداکار سلمان خان کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ روز ایک سانپ نے کاٹ لیا تھا لیکن اب ان کی سانپ سے دوستی ہو گئی ہے۔
واضح رہے اتوار کو سلمان خان اپنے پانول فارم ہاؤس پر موجود تھے، جب انہیں ایک سانپ نے ڈس لیا جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
اس واقعے پر روشنی ڈالتے ہوئے سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’ایک کمرے کے اندر سانپ گھس گیا تھا تو بچے ڈر گئے تھے، میں نے کہا ایک لکڑی دے دو مجھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے سانپ کو اٹھایا بڑے پیار سے اور اسے باہر لے کر آیا اور سانپ بھی بڑے پیار سے لپٹ گیا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ جب سانپ ان کے ہاتھ کے انتہائی قریب آ گیا تو انہوں نے اسے دوسرے ہاتھ سے پکڑ لیا۔
بالی وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ ’یہاں جو بھی ہمارا سٹاف ہے، اسے پتا ہے کہ وہ قندھاری سانپ ہے۔ وہ زور سے چلائے قندھاری، قندھاری، قندھاری۔ پھر سانپ کو سمجھ آیا کہ وہ قندھاری ہے اور اس نے کاٹنا ضرور ہے۔‘
سلمان خان نے رپورٹرز کو بتایا کہ سانپ نے انہیں تین بار ڈسا جس کے بعد انہوں نے اسے آزاد کر دیا۔
’پھر ہم ہسپتال چلے گئے اور ہسپتال میں پتا چلا کہ یہ الگ قسم کا سانپ ہے۔‘
سلمان خان کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر ’میرے والد نے پوچھا کہ کیا ہوا؟ سانپ زندہ ہے؟ تو میں نے کہا ’ٹائیگر بھی زندہ ہے، سانپ بھی زندہ ہے۔‘
واضح رہے ’ٹائیگر زندہ ہے‘ سلمان خان کی ایک فلم کا نام ہے۔ اس فلم سیریز کا تیسرا حصہ ’ٹائیگر 3‘ 2022 کے وسط میں ریلیز ہوگا۔
اس فلم میں کترینہ کیف ایک بار پھر مرکزی کردار میں نظر آئیں گی اور اس کے علاوہ عمران ہاشمی پاکستانی خفیہ ایجنسی کے ایک افسر کے کردار میں نظرآئیں گے۔
یش راج فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی ’ٹائیگر 3‘ کو بالی وڈ کی سب سے مہنگی فلم قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کی شوٹنگ روس، ترکی، آسٹریا اور انڈیا میں کی گئی ہے۔