سلمان خان کو فارم ہاؤس پر سانپ نے کاٹ لیا
اتوار 26 دسمبر 2021 11:25
سلمان خان کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کے دبنگ سٹار سلمان خان کو ان کے فارم ہاؤس پر ایک سانپ نے ڈس لیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سلمان خان خوش قسمت رہے کیونکہ انہیں جس سانپ نے ڈسا وہ زہریلا نہیں تھا۔
یہ واقعہ سلمان خان کے پانول فارم ہاؤس میں اتوار کو علی الصبح پیش آیا اور انہیں فوری طبی امداد کے لیے مہاراشٹر کے شہر نئی ممبئی کے ایک ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
طبی امداد کے بعد دبنگ سٹار کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی تھی اور وہ اس وقت اپنے گھر پر آرام کر رہے ہیں۔
سلمان خان اپنی تقریباً ہر سالگرہ اپنے اسی فارم ہاؤس میں مناتے ہیں۔ بالی وڈ اداکار اپنی چھپنویں سالگرہ بھی اپنے خاندان اور قریبی ساتھیوں کے ہمراہ یہیں منائیں گے۔
اگر ان کی فلمی مصروفیات پر نظر ڈالی جائے تو ان کی اگلی فلم ’ٹائیگر 3‘ 2022 کے وسط میں ریلیز ہوگی۔
اس فلم میں کترینہ کیف ایک بار پھر مرکزی کردار میں نظر آئیں گی اور اس کے علاوہ عمران ہاشمی پاکستان خفیہ ایجنسی کے ایک افسر کے کردار میں نظرآئیں گے۔
یشراج فلم کے بینر تلے بنائی جانے والی ’ٹائیگر3‘ کو بالی وڈ کی سب سے مہنگی ترین فلم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس کی شوٹنگ روس، ترکی، آسٹریا اور انڈیا میں کی گئی ہے۔