2021 میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی کرکٹ کے میدانوں پر حکمرانی
2021 میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی کرکٹ کے میدانوں پر حکمرانی
جمعرات 30 دسمبر 2021 6:39
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
ٹیسٹ کرکٹ میں کپتان بابر اعظم 8 میچز میں 416 رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی وبا کورونا وائرس کے بعد سال 2021 میں دنیا بھر کے معمولات زندگی معمول پر آنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کے میدان بھی آباد ہونے لگے۔
اس سال کرکٹ کے دو بڑے ایونٹس آئی سی سی چیمپیئن شپ کا فائنل اور ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلا گیا۔ جن میں شائقین نے قدیم کھیل کی نئی تاریخیں بنتے دیکھیں۔
نیوزی لینڈ آئی سی سی کی پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیم بنی، جبکہ آسٹریلیا نے ٹی 20 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی طرح انڈیا کی ٹیم آئی سی سی کی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی رنر اپ رہی جبکہ نیوزی لینڈ نے پہلی مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ٹی 20 کا فارمیٹ کامیاب ترین رہا اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کے بدولت کھلاڑیوں نے اپنے فن کے جوہر دکھائے اور رواں برس محدود اوورز کے فارمیٹ میں 105 میچز جیت کر 100 میچ جیتنے والی ٹیم بننے میں کامیاب ہوئی۔
ان سب مقابلوں میں کچھ کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر صف اول میں نظر آئے اور سال بھر میدانوں پر چھائے رہے۔
وکٹ کیپر، بیٹسمن محمد رضوان
پاکستان کے وکٹ کیپر اور بیٹسمین محمد رضوان کے لیے رواں سال کامیابیوں اور نئے ریکارڈز کا سال رہا۔ محمد رضوان نے کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ رواں برس پاکستان کے وکٹ کیپر، بیٹسمین نے تمام فارمیٹس کے 44 میچز میں 56 عشاریہ 32 کی اوسط سے ایک ہزار 915 رنز سکور کیے۔
محمد رضوان نے اس سال نو ٹیسٹ میچز میں 45 کی اوسط سے 455 رنز سکور بنائے، جبکہ انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں کیلنڈر ایئر میں ایک ہزار رنز سکور کرنے کا بھی اعزاز حاصل کیا۔
انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں ایک سینچری اور 12 نصف سینچریوں کی بدولت رواں برس 29 میچز میں ایک ہزار 326 رنز سکور کیے۔ ون ڈے کرکٹ میں رواں برس محمد رضوان نے چھ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 134 رنز بنائے۔
پاکستان کے کپتان بابر اعظم
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے رنز بنانے کا ریکارڈ رواں برس بھی جاری رہا۔ انہوں نے اس سال 40 کی اوسط سے 43 میچز میں ایک ہزار 760 رنز سکور کیے، جن میں تین سینچریاں اور 14 نصف سینچریاں شامل رہیں۔
بابر اعظم رواں برس ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔ محدود اوورز کے فارمیٹ میں انہوں نے 29 میچز میں 939 رنز سکور کیے، جبکہ رواں برس ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران 303 رنز سکور کر کے ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ٹھہرے۔
چھ ون ڈے انٹرنیشنل میں بابر اعظم نے دو سینچریاں سکور کیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں کپتان بابر اعظم 8 میچز میں 416 رنز سکور کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انڈیا کے کپتان روہت شرما
محدود اوورز کے فارمیٹ میں انڈیا کے نئے کپتان روہت شرما کے لیے بھی یہ سال رنز کے انبار لے کر آیا۔ رواں برس روہت شرما نے 25 میچز میں ایک ہزار 420 رنز سکور کیے جس میں دو سینچریاں اور 9 نصف سینچریاں شامل تھیں۔
روہت شرما نے 11 ٹیسٹ میچز میں دو سنچریوں اور چار نصف سنچریوں کی بدولت 906 رنز بنائے، جبکہ 11 ٹی20 میچز میں 424 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی
جنوبی افریقہ کے بائیں ہاتھ کے چائینہ مین تبریز شمسی رواں برس ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بولر رہے۔ انہوں نے 22 مییچز میں 36 وکٹیں حاصل کی اور آئی سی سی کے نمبر ون بولر بھی رہے۔
سری لنکا کے ونندو ہرسنگا
سری لنکا کے ونندو ہرسنگا نے رواں برس ٹی20 کرکٹ کے بہترین بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے 20 میچز میں 5 عشاریہ 44 کی اکانومی سے 36 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 16 اننگز میں 196 رنز سکور کیے۔
شاہین شاہ آفریدی
پاکستان کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے لیے بھی رواں برس کامیاب ترین سال رہا۔ شاہین شاہ آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران چھائے رہے اور بلے بازوں کے لیے خوف کی علامت ثابت ہوئے۔
انڈیا کے خلاف شاندار سپیل ان کے کیرئیر میں اب تک کا یادگار سپیل رہا، پورے ایونٹ میں آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں آخری اوور کے علاوہ ان کے لیے پورا ٹورنامنٹ شاندار رہا۔
ٹی20 کے علاوہ انہوں نے ٹیسٹ میچز میں بھی کامیابیاں سمیٹیں اور 9 ٹیسٹ میچز میں صرف 17 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں۔ مجموعی طور پر شاہین شاہ آفریدی نے 36 میچز میں 78 وکٹیں حاصل کیں۔
ایرنچ نورٹکی
جنوبی افریقہ کے دراز قد گیند باز اینرنچ نورٹکی بین الاقوامی کرکٹ کے بہترین گیند باز کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ انہوں نے مجموعی طور پر 21 میچز میں 48 وکٹیں حاصل کیں جس میں دو مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا بھی شامل رہا۔
پانچ ٹیسٹ میچوں میں 25 وکٹیں حاصل کرنے والے ایرنچ نورٹکی ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران بھی چھائے رہے۔ انہوں نے ٹی20 کرکٹ میں 15 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ون ڈے کرکٹ میں رواں برس 8 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔