کسٹم امور سمیت 3 شعبوں میں سعودائزیشن کی مہلت ختم، تفتیش شروع
جمعرات 30 دسمبر 2021 18:02
سعودائزیشن کا مقصد مقامی افراد کوزیادہ سے زیادہ روزگارمہیا کرنا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود کی جانب سے مملکت میں کسٹم کلیئرنس اورفنی امور کے مختلف شعبوں میں سعودائزیشن کے لیے دی گئی ڈیٹ لائن 30 دسمبربروز جمعرات کو ختم ہونے پر وزارت کی متعلقہ ٹیموں نے تفتیش کا آغاز کردیا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت افرادی قوت کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ کسٹم امورکی مختلف سرگرمیوں، ڈرائیونگ سکولز، انجینیئرنگ، مختلف ٹیکنیکل شعبوں اور قانونی پیشوں پر سعودیوں کی تقرری کے فیصلے کے لیے دی گئی مہلت ختم ہوگئی ہے۔
وزارت نے توجہ دلائی کہ مذکورہ شعبوں کی سعودائزیشن کے لیے مہلت 30 دسمبر 2021 تک کے لیے دی گئی تھی۔
دی جانے والی مہلت کا مقصد تھا کہ مذکورہ شعبوں کے تمام ادارے اپنے یہاں کام کرنے والے غیرملکیوں کی جگہ سعودیوں کی تقرری کرسکیں۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے مذکورہ شعبوں کی سعودائزیشن سے متعلق فیصلوں کی تفصیلات پر مشتمل گائیڈ بک جاری کردی ہے-
تمام اداروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ سعودائزیشن کے فیصلے کی خلاف ورزی نہ کریں- ایسا کرنے پر انہیں مقررہ سزائیں دی جائیں گی-
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے انسپکٹرز نے سعودائزیشن کے فیصلے پر عمل درآمد کا پتہ لگانے کے لیے ابتدائی تفتیشی کارروائی کا آغاز کردیا-