عراقی معتمر کو آدھے دھڑ کے فالج سے بچالیا گیا
کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی مکہ مکرمہ میں ماہرین کی ایک ٹیم نے عراق سے عمرے پر آئے ہوئے شہری کے دماغ سے رسولی نکال کر اسے آدھے دھڑ کے فالج سے بچالیا-
العربیہ نیٹ کے مطابق کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ عراقی زائر پر مرگی کا دورہ پڑتا تھا- جسم کا بایاں حصہ مفلوج ہوگیا تھا- وہ نہ چل سکتا تھا اور نہ ہی ہاتھ کو حرکت دے سکتا تھا-
ڈاکٹروں کی ٹیم کا کہنا ہے کہ عمرہ زائر کو اجیاد ہسپتال لایا گیا وہاں اسے ایمرجنسی وارڈ میں ضروری علاج فراہم کیا گیا پھر اسے ہنگامی بنیاد پر کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی منتقل کردیا گیا-
میڈیکل ٹیم نے توجہ دلائی کہ عراقی معتمر کے طبی معائنے کیے گئے- ایکسرے کیے گئے- رپورٹس سے پتہ چلا کہ اس کے دماغ میں رسولی ہے متحرک قسم کی ہے- فوری آپریشن کا فیصلہ کیا گیا- مائیکروسکوپ اور جدید ترین مشینوں کی مدد سے آپریشن کیا گیا- رسولی دماغ کے انتہائی حساس حصے میں تھی- جہاں سے جسمانی نظام کو کنٹرول کیا جاتا ہے-
عراقی معتمر کا آپریشن کامیاب ہوگیا- رفتہ رفتہ اس کی صحت حالت مستحکم ہوگئی اور اب وہ معمول کے مطابق چلنے پھرنے لگا ہے اور ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے-
عراق کے شہری علی سطوان نے جس کی عمر 20 برس ہے حساس اور نازک آپریشن کی سہولت فراہم کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا- علی سطوان کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ ہمارے تجربے نے ثابت کردیا کہ خادم حرمین شریفین کی حکومت زائرین کی خدمت کے لیے جملہ وسائل وقف کیے ہوئے ہے-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں