’مساج‘ ،’ساونا‘ اور بسوں میں سفر کےلیے ایس اوپیز جاری
’مساج‘ ،’ساونا‘ اور بسوں میں سفر کےلیے ایس اوپیز جاری
پیر 3 جنوری 2022 18:35
ساونا روم مکمل صاف کرنے کے بعد دوسرے صارف کو دیا جائے (فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ صحت عامہ ’وقایہ‘ نے’مساج‘ ، ’ساونا‘سینٹرز اوراندرون شہربسوں میں سفر سے متعلق کورونا ایس او پیز کو اپ ڈیٹ کردیاہے-
اخبار 24 کے مطابق ’وقایہ‘ کی جانب سے جاری ہونے والے نئے کورونا ایس او پیز کے بموجب بسوں سے اندرون شہر سفر، ’مساج‘ اور’ساونا‘ سینٹرزمیں جانے والوں کے لیے توکلنا ایپ میں ہیلتھ سٹیٹس ’امیون‘ ہونا ضروری ہے- اس سے وہ زمرے مستثنی ہوں گے جنہیں توکلنا ایپ کی جانب سے استثنی دیا گیا ہے-
ادارہ صحت عامہ ’وقایہ‘ نے تاکید کی ہے کہ اندرون شہر بسوں سے سفر کرنے والوں کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ بسوں میں سوار ہوتے وقت ماسک کا استعمال کریں-
بسوں پر سوار ہونے کی اجازت صرف ان لوگوں کو دی جائے جن کے پاس ٹکٹ موجود ہوں- بس میں سوار ہوتے وقت ٹکٹ خریدنے کی اجازت نہیں-
سماجی فاصلے کی پابندی بس اڈوں پر ضروری ہے- اگر بس اڈے ایسے ہوں جہاں توکلنا ایپ کے ذریعے مسافروں کی صحت حالت دریافت کرنا ممکن نہ ہو تو ایسی صورت میں سٹینڈ پر ماسک اور سماجی فاصلے کی پابندی لازمی ہوگی-
نئے کورونا ایس او پیز میں تاکید کی گئی ہے کہ ان دنوں سگریٹ نوشی کے مختص کمرے بند رکھے جائیں-
سواریوں کے درمیان ایک نشست خالی چھوڑی جائے- سفر سے قبل نشستوں کی بکنگ کو ممکن بنایا جائے- ایک فیملی کے افراد کو ایک ساتھ بیٹھنے کی اجازت ہو- بسوں کا سامنے والا دروازہ سواریوں کے چڑھنے اور عقبی دروازہ اترنے کے لیے خاص کیا جائے-
بس میں سواریوں کو کھڑے ہونے کی اجازت نہ دی جائے- سماجی فاصلے سے متعلق رہنمائی کے لیے فرش پر سٹیکر چسپاں کیے جائیں- ڈیڑھ میٹر کا فیصلہ رکھا جائے-
بس میں رش نہ ہونے دیا جائے- بسوں پر سوار ہوتے اور اترتے وقت نیز بسوں کے انتظار کے وقت بھی اژدحام کا سدباب کیا جائے-
مساج سینٹرز میں آنے والوں کے لیے مقررہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایک صارف کے لیے جو تولیے استعمال ہوں دوسرے کو وہ استعمال نہ کرائے جائیں-
صابن اور دیگر اشیا کے سلسلے میں بھی اس بات کا اہتمام کیا جائے- سماجی فاصلے کے لیے کرسی وغیرہ کو منظم شکل میں رکھا جائے-
تمام اداروں میں آنے والوں کے درمیان سماجی فاصلے کے اصول کو یقینی بنانے کے لیے سٹیکرز چسپاں کیے جائیں- صارفین کو سینٹر میں داخلے سے قبل ہاتھوں کو سینیٹائز کرنے کا پابند بنایا جائے- ماسک کی پابندی کرائی جائے-
کورونا ایس او پیز کے تحت یہ پابندی بھی لگائی گئی ہے کہ ’ساونا‘ رومز کوایک شخص ایک بار استعمال کرے اور جہاں پہلا صارف بیٹھ چکا ہو وہاں دوسرے کو نہ بٹھایا جائے-
متعلقہ جگہ کی دھلائی اور صفائی کا اہتمام کیا جائے- دروازوں کے ہینڈل بار بار صاف اور سینیٹائز کیے جاتے رہیں-
ساونا، سٹیم باتھ وغیرہ لینے کے بعد دروازے کھول دیے جائیں تاکہ آلودہ ہوا صاف ہوجائے اور تازہ ہواروم میں آسکے-