وزارت تجارت کی تفتیشی کارروائیاں، 194 چالان
جمعرات 6 جنوری 2022 20:32
کورونا ایس اوپیز پرعمل نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ کیاجاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مملکت میں وزارت تجارت کی تفتیشی ٹیموں نےسعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو وبائی مسائل سے بچانے اور کورونا وائرس لگنے سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کو موثر بنانے کی مہم شروع کررکھی ہے-
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے یکم جنوری سے 5 جنوری کے دوران مملکت بھر میں 16800 سے زیادہ تفتیشی دورے کیے- بازاروں، تجارتی مراکز، مالز اور کاروباری اداروں میں وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر ضوابط پر عمل درآمد کا ماحول دیکھا-
تفتیشی ٹیموں نے 194 خلاف ورزیاں ریکارڈ کرکے متعلقہ اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی- وزارت تجارت نے تاکید کی ہے کہ تمام اداروں کے کارکنان اور مالز، تجارتی مراکز اور کاروباری اداروں کے صارفین حفاظتی ماسک کی پابندی کریں-
سماجی فاصلےکے اصول پرسختی سے عمل کریں-ایسے کسی بھی شخص کو جس نے ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں مکمل نہ کی ہوں انہیں اپنے یہاں آنے سے روکیں-
وزارت تجارت نے کہا ہے کہ تجارتی مراکز کی ذمہ داری ہے کہ وہ دروازوں پر صحت حالت دریافت کرنے کے لیے سپیشل بارکوڈ چسپاں کریں- اس مقصد کے لیے اہلکار تعینات کریں تاکہ بارکوڈ سکین کیے بغیر کوئی بھی گاہک تجارتی مرکز میں داخل نہ ہوسکے-
وزارت تجارت نے یاد دہانی کرائی ہے کہ جو ادارے کورونا ایس او پیز کی پابندی نہیں کریں گے ان پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ ہوگا اور ایک سے زائد بار خلاف ورزی پر تجارتی ادارے کو سیل بھی کردیا جائے گا-