Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان کے معمر چائے فروش جو 70 برس سے چائے فروخت کر رہے ہیں

یہاں چائے کی بیٹھک سادہ ہے- (فوٹو تواصل)
چاچا سالم نے جازان میں چائے فروشی کا طویل ترین ریکارڈ قائم کردیا۔ 70 برس سے چائے فروخت کررہے ہیں- اس وقت ان کی عمر 90 سال ہوچکی ہے۔
تواصل ویب سائٹ کے مطابق علاقے کے بزرگ اور نوجوان انہیں ‘العم‘ (چاچا) سالم کہتے ہیں۔ وہ اپنے سادہ انداز، لباس اور سستی عمدہ چائے کے لیے پورے علاقے میں مشہور ہیں، وہ خود چائے تیار کرتے ہیں اور گاہک کو اس کی ٹیبل پر پیش کرتے ہیں۔ 
یحیی ریانی نامی ایک سعودی شہری نے چاچا سالم اور ان کی چائے کی دکان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔ صارفین جازان کے قدیم ترین چائے فروش سے غیرمعمولی محبت، ہمدردی اور تعلق کا اظہار کررہے ہیں۔

چاچا سالم  گاہک کو اس کی ٹیبل پر پیش کرتے ہیں- (فوٹو تواصل)

ویڈیو میں گاہکوں کے تبصرے بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ چاچا سالم کی چائے کی بیٹھک سادہ ہے لیکن پیار سے مالا مال ہے۔ یہاں جازان کے باشندے چائے پینے کے لیے بڑے شوق سے آتے ہیں۔
چاچا سالم کا کہنا ہے کہ وہ کئی برس سے چائے کا کاروبار کررہے ہیں-  انہیں یاد ہے کہ شاہ سعود ملک کے حکمراں کب بنے تھے، اس وقت چاچا سالم کی عمر بیس برس تھی۔
مقامی لوگ گپ شپ کرنے اور خوبصورت وقت گزارنے کے لیے بھی چاچا سالم کے یہاں چائے پینے کے لیے آتے ہیں۔
وڈیو میں چاچا سالم کو دکان سے متصل مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے جاتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ انہیں چلنے پھرنے میں مشکل ہوتی ہے لیکن سن رسیدگی کے باوجود وہ اپنی دکان کا تمام کام اب بھی خود ہی نمٹاتے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: