Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اومیکرون سے متاثر ہونے والے کون سے افراد زیادہ تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں؟

اس سے کمزور مدافعتی نظام کے افراد متاثر ہوتے ہیں- (فوٹو عرب نیوز)
کورونا وائرس کی نئی شکل اومیکرون سے متاثرہ کن زمروں کے افراد کو زیادہ تکلیف ہو رہی ہے اور کیوں ہو رہی ہے- اس سوال کا جواب متعدی امراض کے ماہر ڈاکٹر علا العلی نے دیا ہے-
انہوں نے یہ بھی بتایا ہے کہ اومیکرون سے بچنے اور اس سے متاثر ہونے کی صورت میں اس سے پیدا ہونے والی شدید تکلیف سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کیا کرنا ہوگا-
الاخباریہ چینل کے معروف پروگرام ’نشرۃ النھار‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈاکٹر العلی نے بتایا کہ مدافعتی نظام میں مشکلات سے دوچار افراد پر اومیکرون کا حملہ شدید ہوتا ہے- اس سے وہ افراد زیادہ تکلیف میں مبتلا ہوتے ہیں جن کا مدافعتی نظام کمزور ہوتا ہے-
ڈاکٹر العلی نے توجہ دلائی کہ جو افراد کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوتے ہیں ان کا مدافعتی نظام ایسے افراد کے مقابلے میں زیادہ مضبوط ہو جاتا ہے جنہوں نے یا تو ویکسین کی کوئی خوراک نہیں لی ہوتی یا مطلوبہ خوراکیں مکمل نہیں کی ہوتیں-
ڈاکٹر العلی نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں- اصل مسئلہ یہ ہے کہ متاثرین میں سے کتنے ایسے ہیں جو شدید تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں علاج کرانے پر مجبور ہوتے ہیں-
ڈاکٹر العلی نے کہا کہ بوڑھوں اور لاعلاج امراض میں مبتلا افراد کو بوسٹر ڈوز کی ضرورت دیگر افراد کے مقابلے  میں زیادہ ہے- بوسٹر ڈوز صرف ان لوگوں کے لیے مناسب نہیں جنہیں ویکسین کی پہلی، دوسری خوراک کے دوران الرجی کی مشکل پیش آئی ہو- ان کے علاوہ سب لوگ بوسٹر ڈوز لے سکتے ہیں- کسی کو بھی بوسٹر ڈوز لینے سے کوئی مشکل نہیں ہوگی جبکہ بوسٹر ڈوز لینے سے ان کا مدافعتی نظام زیادہ موثر ہوجائے گا-
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: