پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے مری میں شدید برف باری کی وجہ سے 22 پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سعودی سفیر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہم مری میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور اللہ سے ان کی مغفرت کی دعا کرتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم باقی افراد کی خیریت کے لیے دعا گو ہیں۔‘
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے چھ سے نو جنوری تک مری اور گلیات میں شدید برفباری کی پیش گوئی کی تھی۔ خراب موسم کے باعث حکام کی جانب سے مری نہ جانے کی اپیلوں کے باوجود گذشتہ دو روز میں ہزاروں لوگ برفباری دیکھنے مری اور ملحقہ علاقوں میں پہنچ گئے۔
شدید برفباری کے باعث لوگ سڑک پر پھنس گئے جس کے نتیجے میں نو بچوں سمیت 22 افراد ہلاک ہو گئے۔