Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز سیریز: آسٹریلیا کے خلاف انگلینڈ چوتھا ٹیسٹ میچ بچانے میں کامیاب

آسٹریلیا کو سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ (تصویر: اے ایف پی)
ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکستوں کا سلسلہ بلآخر چوتھے ٹیسٹ میں تھم گیا اور مہمان ٹیم صرف ایک وکٹ سے میچ کو ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
اتوار کو جب سڈنی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے آخری دن کا اختتام ہوا تو انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 117 رنز درکار تھے اور آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے صرف ایک وکٹ۔
میچ کے آخری 10 اوورز میں آسٹریلیا کو جیت کے لیے دو وکٹیں درکار تھیں اور لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم یہ میچ باآسانی جیت جائے گی لیکن انگلش فاسٹ بولر سٹیورٹ بروڈ، جیک لیچ اور جمی اینڈرسن 388 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جیت خلاف دیوار بن کر کھڑے ہوگئے۔
سٹیورٹ بروڈ نے دوسری اننگز میں 35 گیندوں پر آٹھ، جیک لیچ ن 34 گیندوں پر 24 اور جمی اینڈرسن نے چھ گیندیں کھیل کر کوئی رن نہیں بنایا۔
انگلینڈ کی جانب سے زیک کرولی 77 رنز، بین سٹوکس 60 اور جونی بیرسٹو 41 رنز بناکر دوسری اننگز میں ٹاپ سکوررز رہے۔
آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 416 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 294 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بناکر ایک بار پھر اننگز ڈیکلیئر کی اور انگلینڈ کو 388 رنز کا ہدف دیا تھا۔
دو سال بعد آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیم میں واپس آکر دونوں اننگز میں سینچریاں سکور کرنے والے عثمان خواجہ ’مین آف دا میچ‘ قرار پائے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 131 اور دوسری اننگز میں 101 رنز بنائے۔
دوسری جانب آسٹریلوی بولر سکاٹ بولر نے تین وکٹیں، کپتان پیٹ کمنز اور ناتھن لائن نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جبکہ 1،1 وکٹ کیمرون گرین اور سٹیون سمتھ کے حصے میں آئی۔
واضح رہے آسٹریلیا کو 5 میچوں کی ایشز سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 14 جنوری سے 18 جنوری تک بلنڈ سٹون ارینا میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: