اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے: شبلی فراز
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے: شبلی فراز
پیر 10 جنوری 2022 10:17
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کی بدولت الیکشن غیرمتنازع اور شفاف ہو گا (فوٹو: پی آئی ڈی)
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم مشین کے ذریعے ہوں گے۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےوفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ای وی ایم کی بحث اب اگلے مرحلے میں چلی گئی ہے، اب اس کی پلاننگ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم مشین کے استعمال پر آمادگی ظاہر کی ہے اور حکومت کو درکار ای وی ایمز کی تعداد سے آگاہ کیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے الیکشن کمیشن کو خط بھیجا ہے اور انہیں بتایا گیا ہے کہ کب تک مشینیں اسے مل جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کو اگلے ہفتے مشینیں مہیا کر دی جائیں گی اور اس پر اپنے عملے کو ٹریننگ دے گا۔ ای وی ایم کے ذریعے الیکشن غیر متنازع اور شفاف ہوں گے۔‘
شبلی فراز نے خیبرپختونخوا میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں الیکٹرانک مشین نہ ہونے کی وجہ سے دو لاکھ 34 ہزار ووٹ مسترد ہوئے۔
’جتنے ووٹوں سے کوئی امیدوار جیتا، اس سے زیادہ تو مسترد ہوئے اور نتائج بھی لیٹ ہوئے۔‘
ان کے مطابق اگر وہاں ای وی ایم کا استعمال ہوتا تو یہ مسائل نہ ہوتے اور نتائج بھی وقت پر آتے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’خیبرپختونخوا میں آدھا الیکشن ہوا ہے تاہم اس سے ای وی ایم کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے کیونکہ ایک ایک ووٹ اہم ہے۔ ای وی ایم سے الیکشن شفاف بھی ہوتا ہے اور بروقت نتائج بھی آ جاتے ہیں۔‘
شبلی فراز کا یہ بھی کہنا تھا کہ ای وی ایم کے حوالے سے کچھ روز سے کچھ اخبارات میں مکمل اور جزوی طور پر غلط خبریں چھپ رہی تھیں۔
’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے الیکشن اب حقیقت بننے والا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ایک مکمل ورکنگ ریلیشن شپ کے ساتھ عملدرامد کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
شبلی فراز نے پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس میں بھی ای وی ایم کے استعمال کے لیے ماحول اور انتظامی امور کو آرگنائز کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہونے والے الیکشن ہر لحاظ سے شفاف اور درست ہوں گے۔
اپوزیشن کی جانب سے ای وی پر ہونے والے اعتراضات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ مخالفت برائے مخالفت کر رہی ہے اگر اس کے پاس کوئی ٹھوس بات ہے تو وہ سامنے لائے۔