Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنو بورڈ کے سعودی کھلاڑی کی بیجنگ ونٹر اولمپکس کے لیے تیاریاں

بورڈ کراس سنو بورڈنگ کے تمام ایونٹس میں سب سے زیادہ خطرناک ہے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے پہلے ونٹراولمپکس سکواڈ کے کپتان یوسف کردی سنو بورڈنگ کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے روزانہ آٹھ گھنٹے کی سخت  ٹریننگ میں مصروف ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق آئندہ  ماہ چین کے شہر بیجنگ میں ہونے والےسرمائی اولمپکس کے لیے سعودی عرب سے چھ کھلاڑیوں کا ایک دستہ روانہ ہو رہا ہے۔

یوسف کردی روزانہ آٹھ گھنٹے کی سخت  ٹریننگ میں مصروف ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)

امریکہ میں پیدا ہونے والے28 سالہ یوسف کردی سنو بورڈ کے کھلاڑی کے طور پر اپنے والد کی آبائی سرزمین کا پرچم بلند کریں گے، انہوں نے یہ چیلنج جوش و خروش سے قبول کیا ہے۔
یوسف کردی نے بتایا ہے کہ میرے لیے جو چیز بہت متاثرکن ہے وہ یہ ہے کہ سعودی عرب  صحرائی ملک ہے، جہاں اس کھیل کے لیے برفباری کے مواقع اور آپشنز نہیں ہیں اس کے باوجود سرمائی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ہم تیاری کر رہے ہیں۔
یوسف کردی سپین کے شہر بارسلونا میں اتوار کو ہونے والی اولمپکس کوالیفائی گیمزمیں حصہ لے رہے ہیں اور ٹاپ تھری میں جگہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی وبا اور اولمپکس کے لیے سرمائی کھیلوں کی نئی تنظیم کے طور پر اولمپک کے سربراہوں سے غیر متوقع وائلڈ کارڈ کی ضرورت بھی پیش آ سکتی ہے۔
سنو بورڈ کھلاڑی یوسف کردی سعودی عرب کے لیے اس طرح کی متاثر کن مہم جوئی کے کھیل میں حصہ لینے کے قابل ہونے پر شکر گزار ہیں۔

ٹریننگ کے دوران انہیں حادثہ پیش آ گیا جس کے باوجود وہ پرعزم ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

وہ بورڈر کراس مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، انہوں نے بتایا کہ بورڈ کراس سنو بورڈنگ کے تمام ایونٹس میں سب سے زیادہ خطرناک ہے جس میں زخمی ہونے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں اس کے لیے ایک خوفناک ذاتی تجربہ بیان کر سکتا ہوں جس نے میرے اولمپکس میں حصہ لینے کے خواب کو بری طرح متاثر بھی کیا۔
یوسف کردی گذشتہ چارمہینوں سے انتہائی شدید موسم میں چیک ریپبلک میں ٹریننگ کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے ٹریننگ کے دوران اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پریکٹس کے دوران تیز رفتاری کے باعث میں نے توازن کھو دیا جس کے باعث سنو بورڈ الٹ گیا اور میرا   سر برف میں دھنس گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ میں تقریبا ایک منٹ کے لیے بے ہوش رہا۔ پھرمیں نے کوچ کو اپنا نام پکارتے سنا۔ اس کے بعد میں نے آنکھیں کھولیں۔
ابتدا میں سب کچھ دھندلا تھا اور یہ  سب تقریبا ایک خواب سے بیدار ہونے کی طرح تھا۔ جس کے بعد میں خوشگوار حیرت میں تھا کہ میں زندہ ہوں۔
انہیں فورا ہسپتال لے جایا گیا ، وہ کسی بڑے جسمانی نقصان سے محفوظ رہے اور اگلے دن انہیں ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی۔
یوسف کردی نے بتایا ہے کہ سعودی ٹیم میں ان کے دوساتھی فائق عبدی اور سلمان الحویش بیجنگ ونٹر اولمپکس 2022 کے لیے کوالیفکیشن پوائنٹ حاصل کر چکے ہیں۔
ان کے علاوہ سنو بورڈ کھلاڑی فیصل الرشید ، طلال العقیل ، راکان علی رضا مملکت کے دستے میں شامل ہیں۔
 

شیئر: