Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیتوں کے ساتھ راتوں کو سونے والے یہ شخص کون ہیں؟

ڈولف اور چیتوں کی یہ ویڈیو دو سال پرانی ہے۔ (تصویر: ڈولف سی ولکر/فیس بک)
گذشتہ دنوں کمار سبرامنیم نامی صارف نے اپنے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک منٹ پر محیط ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک شخص کو تین چیتوں کے ساتھ ایک جگہ سوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو کے ساتھ کمار نے لکھا ’چیتوں کی ایک فیملی ہر رات جنگل کے ایک گارڈ کے ساتھ سوتی ہے، اس دعوے کی تحقیق کرنے کے لیے سی سی ٹی وی کیمرہ لگایا گیا اور یہ ہے جو کیمرے نے ریکارڈ کیا۔‘
ٹویٹ کی اگلی ہی سطر میں کمار نے یہ خود واضح کیا کہ انہیں خود بھی نہیں پتہ یہ کہانی سچ ہے یا نہیں لیکن انہیں ویڈیو میں سوتے ہوئے دکھائی دینے والے شخص اور چیتوں کے درمیان وابستگی ضرور دکھائی دے رہی ہے۔
15 جنوری سے اب تک دو دنوں میں اس ویڈیو کو 62 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا ہے اور ٹوئٹر پر کمار کی پوسٹ پر نظر آنے والے لائیکس کی تعداد 2 لاکھ 42 ہزار سے زائد ہے۔

 

اب سوال یہ ہے کہ اس ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص ہے کون اور خطرے کا نشان سمجھے جانے والے جانور اس شخص سے اتنی محبت سے کیوں پیش آرہے ہیں؟
تھوڑی سی تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ ویڈیو میں دکھائی دینے والا شخص کسی جنگل کا نامعلوم گارڈ نہیں بلکہ ان کا نام ڈولف سی ولکر ہے اور ان کی اپنی فیس بک پروفائل کے مطابق وہ خود کو جانوروں کا ایک ’ایڈوکیٹ‘ کہتے ہیں اور ان کے پاس ڈگری بھی زولوجی کی ہے۔

ڈولف سی ولکر کو ’دا چیتا وسپرر‘ بھی کہا جاتا ہے۔ (تصویر/فیس بک)

انٹرنیٹ پر تھوڑی سی سرچ کرنے کے بعد یہ بھی پتہ چلا کہ ٹوئٹر پر کمار کی جانب سے لگائی جانے والی ویڈیو ڈولف کے یوٹیوب چینل پر بھی موجود ہے اور یہ دو سال پرانی ہے۔ اس ویڈیو کو ان کے یوٹیوب چینل پر 21 جنوری 2019 کو اپلوڈ کیا گیا تھا۔
اس ویڈیو میں موجود چیتوں کے بارے میں ڈولف کہتے ہیں کہ یہ جنوبی افریقہ کے بریڈنگ مراکز میں پیدا ہوئے تھے۔
ویڈیو کے شروع میں ایک بورڈ نظر آتا ہے جس پر انگریزی حروف میں ’چیتا ایکسپیرئنس‘ لکھا ہوا ہے۔ گوگل پر اس نام کو سرچ کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سینٹر چیتوں اور دیگر معدونیت کے خطرے سے دوچار جانوروں کے لیے بنایا گیا ہے اور یہ جنوبی افریقی شہر بلوم فاؤنٹین میں واقع ہے۔
ڈولف لکھتے ہیں کہ انہیں یہاں چیتوں کے ساتھ راتیں گزارنے کی خصوصی اجازت دی گئی تھی کیونکہ وہ بحیثیت رضاکار اس سینٹر میں ان جانوروں کے ساتھ پہلے وقت گزار چکے ہیں۔
ان چیتوں کے ساتھ سونے کے تجربے کے حوالے سے ڈولف کہتے ہیں کہ وہ بار بار اٹھنے کی وجہ سے صحیح طرح سو نہیں پائے کیونکہ چیتا ایسا جانور ہے جو ذرا سی آہٹ سے بھی نیند سے جاگ جاتا ہے۔
’میں ان بلیوں کے ساتھ نہیں سوتا بلکہ یہ میرے ساتھ سوتی ہیں۔‘

شیئر: