Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر، کویت و عرب ممالک کی امارات پر حملے کی مذمت

مذمتی بیان میں امارات پرحملے کو عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قراردیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
قطر،کویت اورعرب ممالک کی جانب سے ابوظبی ہوائی اڈے پردہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق قطری وزارت خارجہ کی جانب سے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ’شہری تنصیبات اوراہم مقامات کو نشانہ بنانا ایک دہشت گردانہ فعل ہے جو بین الاقوامی اصولوں و قوانین کے منافی ہے۔‘
اس ضمن میں قطری وزارت خارجہ کی جانب سے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ  دہشتگردی کے کسی بھی عمل کومسترد کرتے ہیں۔ بیان میں دہشتگردی کی کارروائی میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کے جلد شفایاب ہونے کی بھی دعا کی گئی۔
دوسری جانب خلیجی عرب ریاستوں کی تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرنائف فلاح مبارک الحجرف نے بھی امارات پردہشتگردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی بزدلانہ فعل قرار دیاہے۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے جو بزدلانہ کارروائی کی گئی ہے وہ جنگی جرم ہے جس سے شہریوں کی جانیں شدید خطرے سے دوچار ہوئیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مطالبہ کیا کہ عالمی انسانی قانون کے تحت دہشتگردی کے اس عمل کا محاسبہ کرنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر الحجرف نے کونسل کی جانب سے اس امرکی یقین دہانی بھی کرائی کہ اس وقت میں کونسل متحدہ عرب امارات کے ساتھ ہے اس حوالے سے امارات کی جانب سے جو بھی اقدام کیاجائے گا کونسل اسکی بھرپورحمایت کرے گی۔
دریں اثناکویتی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی امارات کی شہری آبادی کو حوثیوں کے ڈرون سے نشانہ بنانے کی مذموم کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردانہ عمل قراردیا گیا۔
جاری بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ حوثیوں کی جانب سے شہریوں اورشہری علاقوں کونشانہ بناناعالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
امارات کی جانب سے اپنے دفاع کے لیے جو بھی اقدام کیاجاتا ہے کویت اس کی بھرپورتائید وحمایت کرتا رہے گا

شیئر: