قبل ازیں ابوظبی پولیس نے کہا ہے کہ ادنوک تیل کمپنی کے قریب آگ لگ لگنے سے تین آئل ٹینکروں میں دھماکہ ہوا ہے جبکہ ابوظبی ایئرپورٹ میں زیر تعمیرعلاقے میں آتشزدگی ہوئی ہے۔
ابوظبی پولیس نے کہا ہے کہ ’دونوں مقامات پر آگ بجھانے کی کوشش جاری ہے۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’ادنوک تیل کمپنی کے قریب مصفح آیکاد 3 کے علاقے میں جہاں قریب ہی ادنوک کے تیل ذخائر ہیں، وہاں آئل ٹینکروں میں دھماکے کے باعث آگ لگ گئی ہے۔‘
پولیس نے کہا ہے کہ ’ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں چھوٹے اجسام کی پروازیں ریکارڈ کی گئی ہیں جن سے اندازہ ہوتا ہے کہ کوئی چھوٹے ڈرون تھے جن کی وجہ سے حادثے ہوا ہوگا۔‘
’تفتیشی اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں جن کی تفتیشی رپورٹ پر تفصیلات جاری کی جائیں گی۔‘
دوسری جانب ادنوک تیل کمپنی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسے اپنے تین ملازمین کی موت پر ’انتہائی دکھ ‘ ہوا ہے۔
’آج صبح تقریباً 10 بجے ابوظبی میں ہمارے مصفح آئل ڈپو میں ایک حادثے کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ ادنوک کو یہ تصدیق کرتے ہوئے انتہائی دکھ ہو رہا ہے کہ ہمارے تین ساتھی ہلاک ہوگئے ہیں۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس وقت پورا ادنوک خاندان آج صبح ہلاک ہونے والے ہمارے ساتھیوں کے خاندانوں اور دوستوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔‘
بیان کے مطابق ’(حادثے میں) مزید چھ ساتھی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اعلیٰ طبی امداد فراہم کی گئی۔ جبکہ پیشہ ورانہ امدادی ٹیمیں متاثرہ خاندانوں کی مدد کر رہی ہیں۔‘
ادنوک تیل کمپنی نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’ہم اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘
جبکہ اتحاد ایئرویز کے ترجمان نے کہا ہے کہ ابوظبی ایئرپورٹ پر ’احتیاطی اقدامات‘ کی وجہ سے پروازوں کی تھوڑی سے تعداد میں کچھ دیر کے لیے خلل پڑا، لیکن معمول کے آپریشنز کا تیزی سے دوبارہ آغاز ہوگیا۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے متحدہ عرب امارات میں حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
سعودی عرب کی سربراہی میں اتحاد نے بھی کہا ہے کہ یمن میں صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کئی ڈرون لانچ کیے گئے تھے۔
’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ کی شدید الفاظ میں مذمت
سعودی عرب نے ابوظبی ایئرپورٹ پر ’بزدلانہ دہشت گرد حملے‘ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ابوظبی حملے کی مذمت کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مکمل تعاون کا اعادہ کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق یہ دہشت گردانہ حملہ، جس کے لیے حوثی باغی ذمہ دار ہے، اس گروپ کی جانب سے خطے اور دنیا کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے درپیش خطرے کی نشاندہی کرتا ہے۔‘