پی ایس ایل 7، 25 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی اجازت
سٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی ) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کی شرکت کی منظوری دے دی ہے۔
این سی او سی کے فیصلے کے مطابق کراچی میں منعقد ہونے والے ہر میچ میں تقریباً آٹھ ہزار تماشائیوں کو نیشنل سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ تاہم تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر سٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کورونا پروٹوکولز بنائے گئے ہیں، جو مندرجہ ذیل ہیں۔
-
12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کورونا ویکسین کا ہونا لازمی ہوگا۔
-
سٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
-
سٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا۔
-
ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔
این سی او سی کی ہدایات کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی سی بی ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اسے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں کا مکمل ادراک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ این سی او کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ تاہم اس سلسلے میں انہیں تماشائیوں کی جانب سے بھی غیر مشروط تعاون کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ ایک محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہو سکیں۔
خیال رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے سات فروری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
ایونٹ کا دوسرا مرحلہ 10 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 27 فروری تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں تماشائیوں کی تعداد سے متعلق فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔