Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں کورونا کے باعث بچوں کے تعلیمی سال کی مدت میں کمی

نئے تعلیمی سال میں فائنل امتحانات مارچ کی بجائے مئی میں منعقد کرائے جائیں گے۔ (فائل فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے تعلیمی سال کی مدت کورونا کے باعث کم کر دی ہے۔ 
جمعے کو جاری ہونے والے نئے حکم نامے کے تحت نیا تعلیمی سال یکم اگست 2022 سے شروع ہوگا اور 31 مارچ 2023 کو ختم ہوگا، جبکہ موجودہ تعلیمی سال کا اختتام 31 مئی کو ہوگا۔ 
اسی طرح نئے تعلیمی سال میں موسم گرما کی تعطیلات جون اور جولائی میں ہوں گی، جبکہ فائنل امتحانات مارچ کی بجائے مئی میں منعقد کرائے جائیں گے۔ 
نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث بچوں کے لیے تعلیمی سال تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اب امتحانات نئے بندوبست کے تحت ہوں گے۔ ‘
محکمہ سکول ایجوکیشن نے بچوں کے تعلیمی نصاب کو بھی کم کر دیا ہے۔ نوٹیفیکشن کے مطابق چونکہ تعلیمی سال آٹھ مہینوں کا ہے اس لیے بچوں کو 80 فیصد نصاب پڑھایا جائے گا اور اسی میں سے امتحان ہوگا۔ 
اس حوالے سے پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ بچوں پر تعلیمی سال کی مدت کم ہونے کی وجہ بوجھ نہ پڑے۔ 
شاٹ سلیبیس کا اطلاق میٹرک اور ایف اے کے امتحانات پر بھی ہوگا۔ 
پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر کاشف مرزا نے اس نئے تعلیمی بندوبست کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ’کورونا کی آڑمیں بچوں کے ساتھ انتہائی زیادتی کی جا رہی ہے اور یہ تعلیم دشمن پالیسی ہے۔
کاشف مرزا کا مزید کہنا تھا کہ ’حکومت کو اندازہ نہیں ہے کہ اس وقت بچے سکولوں میں واپس نہیں آ رہے۔ پہلے ہی اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں تو اب اڑھائی کروڑ اور باہر ہو جائیں گے۔ اس طرح کی بار بار تبدیلیوں سے بچوں نے تعلیم کو سنجیدگی سے لینا بند کر دیا ہے۔ ‘

شیئر: