ہمیں صرف اپنی لڑکیوں کی حفاظت چاہیے: حدیقہ کیانی
بدھ 26 جنوری 2022 17:22
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
حدیقہ کیانی کا کہنا ہے کہ وہ ظاہر جعفر کا نام بھی نہیں لینا چاہتیں (فوٹو: حدیقہ کیانی/ٹوئٹر)
پاکستان کی معروف گلوکارہ اور اداکارہ حدیقہ کیانی نے مطالبہ کیا ہے کہ نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ جلدی سنایا جائے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں حدیقہ کا کہنا تھا کہ ’فیصلہ سنائیں تاکہ ہمیں پتہ چل سکے کہ ہمیں سڑکوں پر نکلنا ہے یا نہیں۔‘
پاکستانی گلوکارہ نے میڈیا پر چلنے والی مرکزی ملزم ظاہر جعفر کی ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ وہ ان کا چہرہ دیکھ دیکھ کر تھک گئی ہیں۔
’میں اس (ظاہر جعفر) کا نام بھی نہیں لینا چاہتی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہمیں صرف نور کے لیے انصاف چاہیے۔ ہمیں صرف اپنی لڑکیوں کی حفاظت چاہیے۔‘
واضح رہے سابق سفارت کار شوکت مقدم کی بیٹی نور مقدم کو گذشتہ سال جولائی میں قتل کردیا گیا تھا اور ان کی نعش ظاہر جعفر کے گھر سے ملی تھی جو کہ اس کیس میں مرکزی ملزم بھی ہیں۔
اس قتل کیس کی سماعت تقریباً روزانہ کی بنیاد پر اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں جاری ہے۔
اسلام آباد پولیس کا منگل کو جاری ایک بیان میں کہنا تھا کہ ان کے پاس ظاہر جعفر کو اس کیس میں سزا دلوانے کے لیے کافی فارنزک شواہد موجود ہیں۔