Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی پاکستانی سکیورٹی فورسز کے 10 اہلکاروں کی ہلاکت کی شدید مذمت

حال ہی میں پاکستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاک ایران سرحد کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں پاکستانی سیکورٹی فورسز کے 10 اہلکاروں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کی شام کو پاکستان فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 10 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ جوابی حملے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور تین کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ حملہ کرنے والوں کی تلاش اب بھی جاری ہے۔‘
وام کے مطابق اماراتی حکومت نے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات ضلع کیچ میں سکیورٹی سائٹ پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔‘
’وزارت خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون نے اعلان کرتی ہے کہ متحدہ عرب امارات ان مجرمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے، جس کا مقصد سکیورٹی اور استحکام کو غیر محفوظ بنانا ہے۔ اور یہ انسانی اقدار اور اصولوں سے متصادم ہیں۔‘
خیال رہے کہ حال ہی میں پاکستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، خاص کر شہری علاقوں میں۔
گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں بم دھماکے کے نتیجے میں سابق صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کے قریبی رشتہ دار سمیت چار افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے تھے۔
جبکہ گذشتہ ہفتے لاہور کی ایک پرہجوم مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے میں بھی تین افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے ایک روز قبل اسلام آباد میں ایک پولیس اہلکار بھی دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

شیئر: