Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب آنے والوں کےلیے ’قدوم‘ پورٹل پر اندراج لازمی

ویکسین کے بارے میں معلومات اپ لوڈ کرنا ہوں گی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کورونا سے بچاو کےلیے ویکسینیشن کو لازمی قرار دیا ہے۔ مملکت میں کورونا سے بچاو کے لیے لگائی جانے والی ویکسینز میں فائزربائیونٹیک، سٹرازئینکا، جانس اینڈ جانس اور موڈرنا شامل ہیں جبکہ سائینوویک اور سائنوفام کو بھی منظورکیا گیا ہے۔ 
ویکسینینش کے حوالے سے سٹیٹس اپ ڈیٹ کے لیے وزارت صحت کی ایپس ’توکلنا‘ اور ’صحتی‘ موجود ہیں جن پرویکسینیشن کے بارے میں معلومات اپ لوڈ کی جاتی ہیں۔ 
توکلنا ایپ کے حوالے سے ایک شخص نے دریافت کیا ہے کہ پاکستان میں توکلنا ایپ کام نہیں کررہی، کیا کریں ؟‘ 
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ توکلنا ایپ مخصوص ممالک میں ہی کام کرتی ہے جن میں پاکستان شامل نہیں ہے۔ اس حوالے سے توکلنا ایپ کو پاکستان میں لاگ ان کرنے کی ضرورت نہیں۔ 
وزارت کی دوسری ایپ ’صحتی‘ پاکستان سمیت متعدد ممالک میں کام کرتی ہے۔ اسے انسٹال کرکے اکاونٹ اپ ڈیٹ کیا جائے۔ 
 ایک شخص نے استفسار کیا ہے کہ کورونا کے ماحول میں پاکستان سے سعودی عرب آنے کے لیے کیا شرائط ہیں۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ کے قانون کے مطابق ایسے اقامہ ہولڈرز جو مملکت سے باہر ہیں ان کےلیے ضروری ہے کہ انہوں نے مملکت سے روانگی سے قبل کورونا سے بچاو کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہوئی ہوں۔ 
ایسے تارکین جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی ہیں انہیں براہ راست مملکت آنے کی اجازت ہے۔ ایسے افراد کو سعودی عرب آنے سے کم از کم 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا جس کی منفی رپورٹ آنے پرہی انہیں سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔ 

’صحتی‘ ایپ پاکستان سمیت متعدد ممالک میں کام کرتی ہے( فائل فوٹو روئٹرز)

تاہم وہ تارکین جنہوں نے مملکت میں ایک ہی ویکسین لگوائی ہے یا اپنے ملک میں کورونا سے بچاو کےلیے عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین لگوائی ہو وہ سعودی عرب آنے کےبعد 5 دن قرنطینہ میں گزاریں گے جس کے بعد ان کا پی سی آر ٹیسٹ منفی آنے پرقرنطینہ کی پابندی ختم کی جائے گی۔ 
علاوہ ازیں سعودی عرب آنے سے قبل تمام اقامہ ہولڈرز کے لیے لازمی ہے کہ وہ وزارت داخلہ کے پورٹل ’قدوم‘ پراپنا اندراج کرائیں جس میں ویکسین کے بارے میں معلومات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔ 
ایسے افراد جنہوں نے سعودی عرب میں ویکسین نہیں لگائی ہوگی انہیں مملکت میں لگائی جانے والی ویکسین کی بوسٹرڈوز لینا ہوگی جو ان کے مملکت آنے کے بعد لگائی جائے گی۔ 
خیال رہے سعودی عرب میں حکومت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے سعودی شہریوں اورمقیمین کومفت کورونا ویکسین کا کورس کرایا جارہا ہے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے اور جلد ازجلد اس پرقابوپایا جائے۔

شیئر: