بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی شہباز شریف سے ظہرانے پر آج ملاقات
جمعے کو شہباز شریف نے بلاول بھٹو سے ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن)
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سنیچر کو قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری شہباز شریف سے ملاقات کے لئے ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ جائیں گے۔
اس موقع پر شہباز شریف کے ساتھ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز بھی ملاقات میں موجود ہوں گی۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان ملک کی سیاسی صورت حال، پی ٹی آئی حکومت کی کارکردگی اور آئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل جمعے کو شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری کو ٹیلی فون کر کے ملک کی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔
شہباز شریف نے بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کو سنیچر کی دوپہر ظہرانے کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔