یمن میں بجلی گھر چلانے کے لیے سعودی عرب مدد کر رہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کی جانب سے یمن کو فراہم کردہ سعودی ایندھن کی ساتویں کھیپ یمن کے بجلی گھروں کی ماہانہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیےعدن پہنچ گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی ڈیویلپمنٹ اینڈ ریکنسٹرکشن پروگرام برائے یمن (ایس ڈی آر پی وائی) کے ذریعے یمن کو 60 ہزارمیٹرک ٹن ڈیزل فراہم کیا گیا۔
سعودی عرب کی جانب سے یمن کو فراہم کردہ سعودی ایندھن کی مجموعی مقدار پانچ لاکھ 96 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے۔
عدن کے انڈر سیکریٹری محمد نصر الشزلی نے کہا کہ سعودی ایندھن کی کھیپ نے یمنی عوام کے مصائب کو کم کیا ہے اور خاص طور پر گرمیوں میں بجلی کے شعبے کی مدد کی ہے۔
یمنی حکام نے سعودی عرب کی مسلسل سپورٹ پر شکریہ ادا کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
جنرل الیکٹرک سٹی کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالقادر بسالہ نے کہا کہ اس گرانٹ نے یمن کے مختلف گورنریٹس میں بجلی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے سعودی عرب کی مسلسل سپورٹ اور ایس ڈی آر پی وائی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
عدن میں ایس ڈی آر پی وائی کے ڈائریکٹر احمد مدخلی نے کہا کہ گرانٹ نے بجلی کی پیداوار کو بہتر بنانے اور بجلی کی بندش کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمن کے بجلی کے نظام کی آپریشنل کارکردگی کو ترقی دینے اور بہتر بنانے کے لیے بہت سے پروگرام اور منصوبے نافذ کیے گئے ہیں۔
گرانٹ کا مقصد یمنی حکومت کے بجٹ پر بوجھ کو کم کرنا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی گرانٹ کا مقصد یمن کو 422 ملین ڈالر کی لاگت سے 12 لاکھ 60 ہزار 850 میٹرک ٹن سعودی ایندھن فراہم کرنا ہے تاکہ یمن میں ایک سال کے لیے 80 سے زیادہ سٹیشنز چل سکیں۔
سعودی عرب کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس تازہ ترین گرانٹ نے یمنی حکومت کے بجٹ پر بوجھ کو کم کرنے، بجلی پیدا کرنے کے لیے تیل سے مشتق اشیا کی خریداری کے لیے مرکزی بینک کی طرف سے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کی کمی کو محدود کرنے، ایندھن کی قیمتوں میں استحکام، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور بنیادی خدمات کو بہتر بنانے میں مدد کی ہے۔