Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یمن میں حوثیوں کی مزید تین ہزار 640 بارودی سرنگیں صاف

مسام باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے(فوٹو ایس پی اے)
یمن میں بارودی سرنگ صاف کرنے کے سعودی پراجیکٹ (مسام) نے یمن میں حوثیوں کی بچھائی ہوئی مزید تین ہزار 640 بارودی سرنگیں صاف کی ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جنوری کے تیسرے ہفتے کے دوران یہ بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں جو ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے بچھا رکھی تھیں۔
بارودی سرنگوں میں دو ہزار 994 ٹینک شکن، 505 بغیر دھماکے والی جبکہ 141 دھماکہ خیز ڈیوائس شامل تھیں۔
واضح رہے کہ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات (مسام) حوثیوں کی بچھائی ہوئی باروی سرنگیں صاف کرنے کا پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر مسام  پروجیکٹ یمن کے عوام کے دکھوں کو کم کرنے میں مدد کے لیے متعدد اقدامات میں سے ایک ہے۔
’مسام منصوبے‘ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
سعودی پروجیکٹ مسام کی زیر نگرانی یمن کے مختلف علاقوں مارب، عدن، صنعا، الجوف، الھاھل، الحدیدۃ، شبوہ اور تعزمیں حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی گئی ان بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ مل کر یہ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔
پروگرام کےآغاز سے اب تک 3 لاکھ 11 ہزار 658 بارودی سرنگیں صاف کی جا چکی ہیں۔
خیال رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔

مسام کے پاس بارودی سرنگوں کی صفائی کے لیے 32 ٹیمیں ہیں( فائل فوٹو روئٹر)

مسام کے پاس اس کام کے لیے 32 ٹیمیں ہیں اور اس کا مقصد یمن میں بچھائی جانے والی ان بارودی سرنگوں کو ختم کرنا ہے تاکہ عام شہریوں کی حفاظت کی جا سکے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ فوری طور پر انسانی ہمدردی کی فراہمی کو بحفاظت فراہم کیا جائے۔
مسام مقامی ماینننگ انجینئروں کو تربیت دیتا، انہیں جدید سازوسامان فراہم کرتا اور متاثرین کی مدد کرتا ہے۔
2020 میں 30 ملین ڈالر کی لاگت سے مسام کے معاہدے کو ایک سال کے لیے بڑھایا گیا تھا۔
مسام کی ٹیموں کے ذریعے صاف کی گئی زیادہ تر بارودی سرنگیں مقامی طور پر بنائی گئی ہیں، جب کہ دیگر کا تعلق ایران سے ہے۔
حوثی شہریوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے گاڑی شکن بارودی سرنگیں تیار کر رہے ہیں اورانہیں اینٹی پرسنل دھماکہ خیز مواد میں تبدیل کر رہے ہیں۔

شیئر: