متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران دو ہزارسے کم کیسز سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق پیر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 لاکھ 73 ہزار298 ٹیسٹ کیے گئے۔ ایک ہزار704 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ نئے کیسز کے بعد متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 59 ہزار361 تک پہنچ گئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار992 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر7 لاکھ 86 ہزار642 ہوگئی ہے۔‘
’زیرعلاج مریضوں میں سے مزید ایک چل بسا، مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار 265 ہوگئی ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی مزید 14 ہزار 708 خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک 2 کروڑ 37 لاکھ 35 ہزار 668 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔‘