1000 گانوں کا البم، بینڈ کا سٹریمنگ سائٹ کے خلاف انوکھا احتجاج
دی پاکٹ گاڈز کے البم میں ہر گانا 30 سکینڈ کا ہے (فوٹو:میوزک اسنشیئلز)
برطانیہ نے میوزک بینڈ نے ایک البم کے لیے ایک ہزار گانے ریکارڈ کرائے ہیں، جس میں ہر گانا 30 سکینڈ کا ہے۔
برطانوی نیوز ویب سائٹ میٹرو کے مطابق سینٹ البانز سے تعلق رکھنے والے بینڈ دی پاکٹ گاڈز کے گانوں میں سٹریمنگ سائٹ سے جانب سے گلوکاروں کو ملنے والوں قلیل رقم کے بارے میں بات کی گئی ہے جبکہ منفرد انداز سے احتجاج بھی کیا گیا ہے۔
سٹریمنگ پلیٹ فارم کی جانب سے ہر بار گانا چلانے پر گلوکار کو صفر اعشاریہ صفر صفر 2 پی ادا کیے جاتے ہیں اور وہ بھی اس صورت میں جب سننے والا 30 سکینڈ تک گانا سنے۔
اس لیے بطور احتجاج اور لوگوں کو یہ بتانے کے لیے کہ گلوکاروں کو کتنے کم پیسے دیے جاتے ہیں دی پاکٹ گاڈز کے نئے البم کا نام رکھا گیا ہے '1000×30، اب کوئی مزید پیسے نہیں کما سکتا۔‘
بینڈ کے سربراہ مارک کرسٹوفر لی نے آئی نیوز کو بتایا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ سپاٹی فائی نے 30 سکینڈ کی حد رکھی ہوئی ہے تو انہوں نے سوچا کہ لمبے گانے لکھنے کی ضرورت ہی کیا ہے جب ہمیں 30 سکینڈ ہی پیسے ملتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ہم نے البم کے لیے 1000 گانے لکھے اور ریکارڈ کروائے جن میں سے ہر ایک 30 سکینڈ کا ہے، جبکہ جو سب سے لمبا ہے وہ 36 سکینڈ کا ہے۔‘
لی نے یہ بات تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس کا امکان موجود ہے کہ پلیٹ فارم ان کے البم کو اٹھا کر باہر پھینک دے کیونکہ پہلے بھی جس بینڈ نے اس سے ملتا جلتا طریقہ اختیار کیا، اس کے گانے ہٹا دیے گئے۔
پاکٹ گاڈز کے سربراہ نیو یارک سے تعلق رکھنے والے ایک موسیقی کے پروفیسر مائیک ایریکو کا مضمون پڑھنے کے بعد احتجاج کے طور پر ایک منفرد البم لانے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔
اس مضمون میں ایریکو نے ولفپک نامی ایک ایسے بینڈ کا حوالہ دیا ہے جس نے سلیپی فائی کے نام سے ایک خاموش گانا بنایا ہے اور مداحوں سے کہا ہے کہ اس کو اس وقت سٹریم کریں جب وہ سونے جا رہے ہوں۔
یہ طریقہ کامیاب رہا اور سپاٹی فائی کو ولفپک کو اس کے خاموش گانوں کے لیے 20 ہزار ڈالر ادا کرنا پڑے تاہم اس کے بعد البم کو ہٹا دیا گیا۔
دی پاکٹ گاڈز کے ایک گانے کا نام صفر اعشاریہ صفر صفر ٹو رکھا گیا جس میں سپاٹی فائی کی جانب سے ایک بار گانا چلنے پر ملنے والی رقم کا حوالہ موجود ہے۔