Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جا رہا ہوں پی ایس ایل اور ٹیم چھوڑ کر، جلد واپسی ہوگی: محمد حسنین

محمد حسنین کا کہنا ہے کہ وہ اپنی تمام کمزوریاں دور کرکے جلد ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی فاسٹ بولر محمد حسنین کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا میں ہونے والی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کھیلنے سے قبل کافی کرکٹ کھیل چکے تھے اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کا بولنگ ایکشن غیرقانونی قرار دیا جاسکتا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گیلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے بولر کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’جب بگ بیش کھیل رہا تھا اس سے پہلے ہی میں کافی کرکٹ کھیل چکا تھا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ میرا ہاتھ 15 ڈگری سے اوپر جاتا ہے۔‘
واضح رہے حالیہ بگ بیش لیگ کے دوران محمد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ کیا گیا تھا اور گذشتہ ہفتے ان کے بولنگ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے کے بعد ان پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ وہ پی ایس ایل کی وجہ سے بگ بیش لیگ ادھوری چھوڑ کر پاکستان واپس آگئے تھے۔
’جب یہاں پر آیا تو میں نے ٹیسٹ دیا بولنگ کا، پی ایس ایل کے میچز کھیل رہا تھا کہ اچانک آئی سی سی سے اعلان ہوتا ہے کہ میں آگے اب میچز نہیں کھیل سکتا کیونکہ مجھ پر پابندی لگادی گئی ہے کچھ وقت کے لیے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ سے قبل بتایا گیا تھا کہ وہ اب بولنگ نہیں کرسکتے۔
تاہم محمد حسنین کا کہنا ہے کہ وہ اپنا بولنگ ایکشن درست کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں گے۔
انٹرویو کے آخر میں نوجوان فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ’جا رہا ہوں پی ایس ایل چھوڑ کر، اپنی ٹیم چھوڑ کر، انشا اللہ جب واپس آؤں گا تو اپنی ساری کمزوریاں دور کرکے آؤں گا۔‘

شیئر: