Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم،عمر امین گنڈا پور انتخاب کے لیے اہل قرار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دینے ک الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا (فوٹو: ٹوئٹر)
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔
جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا جبکہ بکا خیل سے تحریک انصاف کے امیدوار مامون الرشید کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سات فروری کو الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دیا تھا۔
عمر امین اب ڈیرہ اسماعیل خان سے سٹی میئر کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر انتخابات لڑ رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اپنے سات فروری کے فیصلے میں علی امین گنڈا پور کو ڈیرہ اسماعیل خان جانے کی اجازت دیتے ہوئے انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔
 الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کو صرف خاندان کی تقریبات میں شرکت کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان جانے کی اجازت  دی تھی تاہم انہیں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی گئی۔
واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں میئر کا انتخاب 13 فروری کو ہونا ہے۔

شیئر: