’ٹیکس نہ دینے والے خبردار، ٹیکنالوجی کے ذریعے ان تک پہنچ رہے ہیں‘
’ٹیکس نہ دینے والے خبردار، ٹیکنالوجی کے ذریعے ان تک پہنچ رہے ہیں‘
منگل 15 فروری 2022 9:55
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس نہ دینے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ان تک پہنچنے والے ہیں۔
منگل کو اسلام آباد میں ملک کے پہلے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ’راست‘ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ ’بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہوں نے بڑی گاڑیاں رکھی ہیں اور ٹیکس نہیں دیتے۔ ان کو خبردار کر رہے ہیں کہ ٹیکنالوجی کی وجہ سے ان کا ڈیٹا آ رہا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ساڑھے 22 کروڑ آبادی میں سے صرف 20 لاکھ افراد ٹیکس دیتے ہیں۔ ’ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نہ دینے والوں تک پہنچ رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری 22 کروڑ آبادی ایک بہت بڑی طاقت ہے اگر ان کو معیشت میں لے آئیں۔ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کے تحت اس آبادی کو اپنا اثاثہ بنا رہے ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’راست‘ کے ذریعے عام آدمی کو سہولت دے رہے ہیں کیونکہ عام آدمی بینکوں میں جانے سے ڈرتا ہے اور لوگوں کو بینک سے خوف آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’پانچ سال مکمل ہونے پر اس کا تجزیہ کریں گے کہ کیا ہمارے دور میں غربت کم ہوئی اور اگر خوشحالی ہوئی تو کیا اس کا پھل نیچے تک گیا۔ اگر ایسا ہوا تو اس کو کامیابی سمجھوں گا۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ شکایات اوورسیز پاکستانیوں سے آتی ہیں کہ ان کو رقم پاکستان بھیجتے ہوئے مشکلات پیش آتی ہیں۔ ’یہ لوگ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔‘
’راست‘ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی طرف سے شہریوں، کاروبار اور حکومتی اداروں کے مابین رقوم کی ترسیل و ادائیگی کے لیے بنایا گیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ’راست‘ کے تحت کم مالیت کی ریٹیل ادائیگیاں اور رقوم کی منتقلی ڈیجیٹل طریقے سے تیز اور سہل ہوں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ مختلف مالیاتی اداروں جن میں کمرشل بنک، مائیلرو فنانس ادارے و بنک، حکومتی ادارے اور فِنٹیکس شامل ہیں کو وقت کی بچت کے ساتھ کم لاگت سے مرکزی سسٹم تک رسائی و رابط قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
حکام کے مطابق گذشتہ سال ’راست‘ کے کاروبار و سرمایہ کاری کی سطح پر اجرا اور کامیابی کے بعد اس کا عام آدمی کی سہولت کے لیے شہریوں کی سطح پر اجرا کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کے بیان کے مطابق راست کے اجرا سے عام آدمی کی بینکنگ چینلز اور الیکٹرانک ٹرانزیکشنز تک رسائی فوری اور آسان ہوگی۔