امارات میں ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کی شرح 95.21 فیصد
بدھ کو دوسرے دن بھی ایک ہزار سے کم نئے مریض سامنے آئے ہیں(فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے والوں کی شرح 95.21 فیصد ہوگئی ہے۔ ریاست میں نئے کیسز مسلسل کم ہورہے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں شعبہ صحت کی ترجمان ڈاکٹر فریدہ الحوسنی نے کہا کہ حکومت صحت نگہداشت اورعلاج کی سہولتیں بڑھا کر شعبہ صحت کی صلاحیت مضبوط سے مضبوط تر کررہی ہے وبا کے انسداد کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ڈاکٹر الحوسنی نے بتایا کہ امارات میں پہلی خوراک لینے والوں کا تناسب سو فیصد تک پہنچ چکا ہے جبکہ دو خوراک لینے والوں کا تناسب 95.21 فیصد ہے۔
متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ بدھ کو دوسرے دن بھی ایک ہزار سے کم نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق بدھ 16 فروری کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 3 لاکھ 65 ہزار306 ٹیسٹ کیے گئے۔ 957 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ نئے کیسز کے بعد متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 71 ہزار 315 تک پہنچ گئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 538 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر8 لاکھ 8 ہزار824 ہوگئی ہے۔‘
’زیرعلاج مریضوں میں سے مزید ایک چل بسا، مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار289 ہوگئی ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی مزید 30 ہزار 165خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک 2 کروڑ 39 لاکھ 37 ہزار937 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔‘